Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں مقیم معروف انفلوئنسر انونے سُود لاس ویگاس میں انتقال کر گئے

تاحال انفلوئنسر کی موت کی وجہ کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں (فوٹو: انونے سُود انسٹاگرام)
دبئی میں مقیم 32 سالہ مشہور ٹریول انفلوئنسر انونے سُود لاس ویگاس میں ویک اینڈ ٹرپ کے دوران انتقال کر گئے۔ ان کے خاندان نے جمعرات کو ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک بیان میں تصدیق کی۔
عرب نیوز کے مطابق انسٹاگرام پر 14 لاکھ فالوورز رکھنے والے اس سوشل میڈیا سٹار نے لاس ویگاس کے وِن ہوٹل میں منعقدہ کونکورز ایلیٹ کار شو میں دیگر انفلوئنسرز اور صحافیوں کے ساتھ شرکت کی تھی اور منگل کو وطن واپسی کا ارادہ رکھتے تھے۔
ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کردہ بیان میں ان کے غمزدہ خاندان نے لکھا کہ ’یہ انتہائی افسوس کے ساتھ ہم اپنے پیارے انونے سُود کے انتقال کی خبر آپ سے شیئر کر رہے ہیں۔‘
خاندان نے مزید درخواست کی کہ لوگ ان کی نجی زندگی کا احترام کریں اور ’ذاتی املاک‘ کے قریب جمع نہ ہوں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’براہ کرم ان کے خاندان اور عزیزوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘
تاحال موت کی وجہ کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم ان کے ساتھ موجود افراد کا کہنا ہے کہ وہ خوش نظر آ رہے تھے اور صحت سے متعلق کوئی شکایت نہیں تھی۔
سفر اور مہم جوئی کے شوقین سُود نے اس ویک اینڈ کے دوران کئی ایونٹس میں شرکت کی، جن میں ایک ایلیٹ براڈ ایرو لگژری کار نیلامی بھی شامل تھی۔
انہوں نے لاس ویگاس کی مشہور ساحلی پٹی پر سپر کارز کے پروسیشن میں بھی حصہ لیا جس میں بگاٹی، مارلن منرو کی 1955 لنکن کیپری پنک کنورٹیبل اور مختلف مک لارن کاریں شامل تھیں۔

انہوں نے یہ ویک اینڈ دیگر انفلوئنسرز اور میڈیا ممبران کے ساتھ گزارا اور ہوراسیو پاگانی، کرسچن وون کوئنیگسیگ، اور ایپل کے سی ای او ٹِم کُک جیسے مشہور شخصیات سے ملاقات کی۔
سُود کی آخری انسٹاگرام پوسٹ میں وہ ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ کے اداکار سُنگ کانگ کے ساتھ نظر آئے، جس میں انہوں نے لکھا کہ ’ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ میں نے یہ ویک اینڈ لیجنڈز کے درمیان گزارا۔‘
سفر سے متعلق ویڈیوز کے لیے مشہور سُود تین مسلسل سال (2022، 2023، 2024) فوربز انڈیا کی ٹاپ 100 ڈیجیٹل سٹارز کی فہرست میں شامل رہے۔
اپنی مارکیٹنگ کمپنی چلانے اور دنیا بھر کے سیاحتی اداروں کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ وہ پہلے یوٹیوبر تھے جنہوں نے بگ باس ہاؤس کے اندر وی لاگ کیا۔

شیئر: