’ابشر‘ پر سو سے زائد ڈیجیٹل سروسز فراہم کی جارہی ہیں، ڈائریکٹر جنرل جوازات
گزشتہ برس ابشر کے ذریعے 24 ملین سروسز فراہم کی گئیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ڈائریکٹر جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن’جوازات‘ میجر جنرل صالح المربع کا کہنا ہے کہ مملکت کے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی میں تیز رفتار ترقی ہوئی۔
جوازات کے پلیٹ فارم ’ابشر، اور مقیم پر 100 سے زائد ڈیجیٹل سروسز فراہم کی جارہی ہیں جس سے شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں کو کافی سہولت ہو رہی ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ریاض میں ہونے والی ’ڈیجیٹل گورنمنٹ فورم‘ سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل المربع نے مزید کہا کہ ’جوازات نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعہ ایک سروس سے آغاز کیا تھا جس کا دائرہ اب سو سے زائد سروسز تک پھیل چکا ہے ،۔
المربع نے مزید کہا کہ ’ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، گزشتہ برس جوازات کی ڈیجیٹل سروسز سے 24 ملین سے زائد افراد مستفیض ہوئے ‘۔
رواں برس فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل سروسز کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل جوازات کا کہنا تھا کہ اب تک 45 ملین سے زائد ڈیجیٹل خدمات فراہم کی جاچکی ہیں ۔ صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
واضح رہے سعودی محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ وزارت داخلہ کا اہم ادارہ ہے جہاں سعودی شہری اور مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں کے شناختی کارڈز کی تجدید و اجرا کے علاوہ غیرملکیوں کے ایگزٹ ری انٹری اور ایگزٹ ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔
ڈیجیٹل سروسز کے آغاز سے قبل کسی بھی کارروائی کے لیے محکمے کے دفتر جانا ہوتا تھا جس میں کافی وقت خرچ ہوتا تھا جب سے ادارے کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے سروسز آسان ہوگئی ہیں۔ ایگزٹ ری انٹری ویزہ ہو یا اقامے کی تجدید کا مرحلہ باسانی کسی بھی وقت ابشر یا مقیم اکاونٹ سے کیا جاسکتا ہے۔
