Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں سکاؤٹس زائرین کی خدمت میں پیش پیش

اسکاوٹس کو مسجد الحرام کے مختلف مقامات پرتعینات کیا گیا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
مکہ مکرمہ ادارہ تعلیم کے سکاؤٹس مسجد الحرام میں زائرین کی رہنمائی اور مدد میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ سکاؤٹس کی مختلف ٹیمیں مسجد الحرام کے اندر اور بیرونی صحنوں میں زائرین کی خدمات میں پیش پیش ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریجنل وزارتِ تعلیم اور حرمین شریفین اتھارٹی کے اشتراک سے تعلیمی اداروں کے سکاؤٹس کو مسجد الحرام میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ ازدحام کے وقت زائرین کی بہتر رہنمائی کی جائے۔
سکاؤٹس کو مسجد الحرام انتظامیہ کی جانب سے خصوصی پرمٹ جاری کیے گئے ہیں جبکہ سکاؤٹس کے گروپس کو   یونٹس میں تقسیم کرکے انہیں مختلف مقامات پر ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
مکہ سکاؤٹس کے نوجوان مسجد الحرام میں زائرین کی آمد ورفت کو منظم کرنے اور مختلف مقامات کے لیے ان کی رہنمائی کرنے میں مصروف ہیں۔
مسجد الحرام میں ان دنوں عمرہ زائرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ انتظامیہ کے اہلکار اور سکاؤٹس مل کر زائرین کی خدمت کرتے ہیں۔

زائرین کا کہنا ہے کہ ’اسکاوٹس جذبہ خدمت کے تحت انکی رہنمائی کرتے ہیں‘(فوٹو،ایس پی اے)

اس حوالے سے زائرین کا کہنا تھا کہ ’سکاؤٹس کا کردار انتہائی اہم ہے ، یہ نوجوان جذبہ خدمت کے تحت ہماری رہنمائی میں مصروف ہیں ان کے اس جذبے کو دیکھ کر دل سے دعا نکلتی ہے‘۔
خیال رہے حج سیزن کے علاوہ ماہ رمضان المبارک اور ان دنوں جب عمرہ زائرین کی بڑی تعداد حرمین میں ہوتی ہے مختلف تعلیمی اداروں کے سکاؤٹس کو رضاکارانہ طورپر زائرین کی رہنمائی اور مدد کے لیے تعینات کیا جاتا ہے۔
 

 

شیئر: