سعودی عرب کے کنگ فیصل نیول بیس پر مشترکہ مشقیں، پاکستان بطور آبزرور شریک
مشقوں میں بری، بحری، فضائیہ اور نیشنل گارڈ کے دستے شرکت کررہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مغربی علاقے کے کنگ فیصل نیول بیس میں سعودی عرب کی میزبانی میں مشترکہ مشقیں ’سرخ موج 8‘ کا آغاز ہوا ہے۔
مشقوں میں بری، بحری، فضائیہ اور نیشنل گارڈ کے دستے شرکت کررہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مشترکہ مشقوں میں اردن، مصر، جیبوتی، سوڈان، یمن کے عسکری یونٹس کے علاوہ پاکستان اور موریطانیہ آبزرور کے طور پرشریک ہیں۔
مغربی بحری بیڑے اور مشق کے کمانڈر ریئرایڈمرل منصور الجوید نے بتایا ’ مشق میں حصہ لینے والے ممالک کے مابین دفاعی تعاون اور سیکیورٹی انضمام کو مضبوط بنانے کا حصہ ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’ ’سرخ موج 8 ‘ مشق کا مقصد بحیرہ احمر کی سکیورٹی کو بڑھانے، سمندری راستے اور جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔‘
مشقوں کے ڈائریکٹر بریگیڈیئرجنرل عبداللہ بن محمد الانزی نے کہا کہ ’سرخ موج‘ مشقوں کا آغاز سال 2019 میں ہوا تھا، جدید ترین جنگی نظاموں کے ذریعہ منصوبہ بندی اور آپریشنل حکمت عملی کے طریقوں کو اپناتے ہوئے عسکریہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
