بالی وڈ سٹارز کی مشہورِ زمانہ فلمیں نیٹ فلکس پر ریلیز کرنے کا فیصلہ
منگل 4 نومبر 2025 14:27
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اداکاروں کے جنم دن کے موقع پر ان کی فلمیں ریلیز ہوں گی (فوٹو: فلم پوسٹر)
معروف سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس اور انڈین فلم ساز کمپنی ’یش راج فلمز‘ (وائی آر ایف) نے ایک شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس کے تحت بالی وڈ کی کئی مشہور اور کلاسک فلمیں دنیا بھر کے ناظرین کے لیے نیٹ فلکس پر دستیاب ہوں گی۔
یہ اشتراک یکم نومبر 2025 سے شروع ہو گیا ہے اور فلمیں مرحلہ وار مختلف تہواروں اور دوسرے مواقع کے مطابق ریلیز کی جائیں گی تاکہ شائقین اپنے پسندیدہ فلمیں گھر بیٹھے دوبارہ دیکھ سکیں۔
’یش راج فلمز‘ کی مشہور فلمیں کب کب ریلیز ہوں گی؟
شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے ان کے یومِ پیدائش کے موقع پر ان کی یادگار فلمیں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’محبتیں‘، ’دل تو پاگل ہے‘، ’ویر زارا‘ اور ’چک دے انڈیا‘ نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی ہیں۔
اسی طرح سے سلمان خان کی تین مشہور فلمیں ’ایک تھا ٹائیگر‘، ’سلطان‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ 27 دسمبر سے سٹریمنگ کے لیے دستیاب ہوں گی تاکہ ان کے یومِ پیدائش کا جشن منایا جا سکے۔
14 نومبر سے کلاسک یش راج فلمز کی فلمیں جیسے ’چاندنی‘، ’کبھی کبھی‘، ’وجے‘، ’لمحے‘ اور ’سلسلہ‘ بھی شائقین کے لیے پیش کی جائیں گی۔
اداکار رنویر سنگھ کے چاہنے والے پانچ دسمبر سے ان کی مشہور فلمیں ’بینڈ باجا بارات‘، ’لیڈیز ورسز رکی بہل‘، ’کِل دِل‘، ’بے فِکرے‘ اور ’غنڈے‘ نیٹ فلکس پر دیکھ سکیں گے۔
اس کے علاوہ چھٹیوں میں اداکاروں کے جنم دن اور دیگر تہواروں پر نیٹ فلکس پر فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔
