کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں بیٹے کی پیدائش، ’ماں اور بیٹا دونوں خیریت سے ہیں‘
کترینہ کیف اور وکی کوشال سنہ2021 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی مشہور جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
وکی کوشل اور کترینہ کیف نے یہ خبر اپنے انسٹاگرام کے ذریعے ایک مشترکہ پوسٹ میں شیئر کی۔
سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر انہوں نے لکھا کہ ’ہماری خوشیوں کی وجہ آ گئی۔ بے حد محبت اور شکرگزاری کے ساتھ ہم اپنے بیٹے کا استقبال کرتے ہیں۔‘
کترینہ کیف کے ہاں بیٹے کی پیدائش ممبئی کے مشہور ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال میں ہوئی۔
ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کو آج صبح بیٹے کی نعمت ملی ہے۔ دونوں ماں اور بچہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ بچے کی پیدائش صبح آٹھ بج کر 23 منٹ پر ہوئی۔ ابھی ڈسچارج کی تاریخ طے نہیں کی گئی۔‘
یاد رہے کہ ستمبر میں اس جوڑے نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر کے ذریعے اپنی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی جس میں وکی کوشل کترینہ کے ساتھ کھڑے نظر آ رہے تھے۔
اس وقت تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’ہم اپنی زندگی کے سب سے خوبصورت باب کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، دلوں میں خوشی اور شکرگزاری کے ساتھ۔‘
بالی وُڈ سٹارز کی جوڑی کے ہاں بیٹے کی پیدائش کی خبر سامنے آنے کے بعد بالی وُڈ کی معروف شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
پرینکا چوپڑا نے لکھا ’بہت خوشی ہوئی، دل سے مبارک ہو۔‘ کرینہ کپور خان نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ماما کلب میں خوش آمدید، تم دونوں کے لیے بے حد خوش ہوں۔‘
اسی طرح سے پری نیتی چوپڑا نے لکھا کہ ’مبارک ہو نئی ماں اور نئے پاپا۔‘ جبکہ سونم کپور اہوجا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’کمال ہو تم دونوں، ڈھیروں پیار۔‘
یاد رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل سنہ 2021 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ جوڑے کو مداحوں کی جانب سے بھی دل کھول کر مبارکبادیں دی جا رہی ہیں۔
