Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’علاج چل رہا ہے اور صحت بہتر ہے‘، ہیما مالنی کی اداکار دھرمیندر کے انتقال کی تردید

دھرمیندر کی اہلیہ اور بیٹی نے افواہوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے (فوٹو: ڈی این اے)
بالی وڈ کے سینیئر اداکار دھرمیندر کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاعات کے بعد پیر کو انٹرنیٹ پر ایسی خبریں گردش کرتی رہیں کہ وہ انتقال کر گئے ہیں، تاہم خاندانی ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔
انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق اب اس معاملے پر دھرمیندر کی اہلیہ ہیما مالنی اور بیٹی ایشا دیول کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایک روز قبل ہی یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ کہ 89 برس کے اداکار کی طبیعت خراب ہے اور ان کو ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں شاہ رخ خان، سلمان خان، گووندہ، امیشا پٹیل سمیت دیگر بالی وڈ سے وابستہ شخصیات نے ان کی عیادت کی۔
تاہم اس کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آنا شروع ہوئیں کہ وہ چل بسے ہیں جس پر ان کے مداح افسوس کا اظہار کر رہے تھے۔
 
اہلیہ ہیما مالنی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ان کا علاج چل رہا ہے اور صحت بہتر ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جو کچھ ہو رہا ہے یہ ناقابل معافی ہے، کیسے چینلز ایک ایسے شخص کے انتقال کی خبریں چلا رہے ہیں جو زیرعلاج ہے اور بہتری کی جانب گامزن ہے۔ یہ انتہائی غیرذمہ دارانہ بات ہے، براہ مہربانی فیملی کی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔‘
اسی طرح ان کی بیٹی ایشا دیول نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں
کہا کہ ان کے والد نہ صرف زندہ ہیں بلکہ ان کی صحت بہتر بھی ہو رہی ہے۔

اس سے قبل بھی دیول فیملی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا تھا کہ اداکار کی حالت بہتر ہے اور ان کے لیے دعا کی اپیل کی گئی تھی۔
اس کے بعد اہلیہ ہیما مالنی، تانیہ دیول اور سنی دیول اپنے بیٹے کے ہمراہ ہسپتال پہنچے تھے، اسی طرح خاندان کے افراد کے علاوہ بالی وڈ کی نمایاں شخصیات نے بھی ہسپتال کے دورے کیے تھے۔
انتقال کی افواہیں پھیلنے کے بعد دیول فیملی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ایسی خبروں پر یقین کرنے کے بجائے مصدقہ اطلاعات پر غور کریں۔

 

شیئر: