نماز کی ادائیگی کے لیے تیاریاں اور ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ (فوٹو عاجل)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایت پر سعودی عرب کے تمام علاقوں میں کل (جمعرات) 13 نومبر 2025 مطابق 22 جمادی الاول 1447ھ کو نماز استسقاء (بارش کے لیے خصوصی نماز) ادا کی جائے گی۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبد العزیز نے سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے نماز استسقاء ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعرات کو نماز استسقاء کے سب سے بڑے اجتماعات حرمین شریفین کے بعد ریاض اور دیگر شہروں کی جامع مساجد میں ہوں گے۔
نماز استسقاء سورج طلوع ہونے کے پندرہ منٹ بعد ادا کی جائے۔ (فوٹو وزارت اسلامی امور)
وزارت اسلامی امور و دعوت و ارشاد نے اپنے سرکلر میں ملک بھر کی تمام جامع مساجد میں نماز استسقاء کے اوقات کا اعلان کیا ہے۔ وزارت نے اپنی تمام شاخوں کو ہدایت کی ہے کہ نماز استسقاء سورج طلوع ہونے کے پندرہ منٹ بعد ادا کی جائے۔
وزارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں اور علاقوں میں مساجد و مقامات پر نماز کی ادائیگی کے لیے تیاریاں اور ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں۔
وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سنت مبارکہ پر عمل کرتے ہوئے نماز استسقا میں بھرپور شرکت کریں اور زیادہ سے زیادہ توبہ و استغفار کریں اور اللہ کے بندوں سے حسن سلوک کرتے ہوئے نوافل و عبادات میں اضافہ کریں تاکہ اللہ پاک ہم پر باران رحمت نازل فرمائے۔
وزارت اسلامی امور نے اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مملکت کے مختلف ریجنز میں نماز استسقاء کے اوقات بھی جاری کیے ہیں۔