جعل سازی کا شکار ہونے پرمتعلقہ ادارے کو رپورٹ کریں (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارتِ تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ ’ ای مارکیٹ سے خریداری کرنے والے احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کریں، مستند مارکیٹ اسٹور سے ہی خریداری کریں‘۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت کے ترجمان الحسین نے ای مارکیٹ صارفین کو ہدایت کی ہے کہ آن لائن خریداری کرتے وقت تین اہم امور کا خاص خیال رکھیں تاکہ آپ کا اکاونٹ اور معلومات محفوظ رہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ غیرمستند ای مارکیٹ ویب سائٹس کا وزٹ نہ کریں اور نہ ہی وہاں سے کوئی چیز خریدنے کی کوشش کریں۔
جعلی اورغیرتصدیق شدہ ڈیجیٹل مارکیٹ پلیسز کافی تعداد میں موجود ہیں ان سے محفوظ رہنے کے لیے مصدقہ مارکیٹ اسٹورز کے بارے میں وزارت تجارت کے پورٹل ’سعودی بزنس پلیٹ فارم‘ کے ذریعے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔
ایسے آن لائن اسٹورز جو مصدقہ ہیں انکے بارے میں سعودی بزنس پلیٹ فارم پر مکمل ڈیٹا موجود ہے جہاں سے ان کے بارے میں باسانی تصدیق کی جاسکتی ہے۔
غیرمصدقہ ای مارکیٹ اسٹور کا وزٹ نہ کیا جائے (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
الحسین نے مزید کہا کہ ’غیرمصدقہ مارکیٹ اسٹور پرجعل سازی کا شکار ہونے کی صورت میں فوری طورپر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں رپورٹ کریں خریداری کے لیے ہونے والے مالی لین دین اور بینک اکاونٹ کی معلومات بھی منسلک کریں ۔
واضح رہے انٹرنیٹ پر ایسے غیرمصدقہ آن لائن اسٹور موجود ہیں جو وزارت کی جانب سے منظور اور تصدیق شدہ نہیں ہیں جن پر لوگوں کو راغب کرنے کےلیے گراں قدرچیزوں کی قیمت انتہائی کم ظاہر کی جاتی ہے ایسے اسٹور درحقیت جعل سازوں کی جانب سے قائم کیے جاتے ہیں ان سے اجتناب برتیں اور صرف مصدقہ اسٹورز سے ہی خریداری کریں۔