Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ، پاکستان اور انڈیا کی بلائنڈ خواتین کرکٹرز نے ہاتھ ملائے

انڈیا نے 10.2 اوورز میں آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انڈیا کی بلائنڈ خواتین کرکٹرز نے سیاسی کشیدگی کو پسِ پشت ڈال کر سری لنکا میں ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران ہاتھ ملائے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دیگر قومی ٹیموں کے برعکس دونوں جنوبی ایشیائی ممالک کی کھلاڑیوں نے یہ ثابت کیا کہ اگرچہ وہ دیکھ نہیں سکتیں، لیکن کھیل کے جذبے سے سرشار ہیں۔
مئی میں دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان فوجی جھڑپ کے بعد سے کرکٹ کے میدان کے اندر اور باہر کشیدگی برقرار رہی ہے۔
ستمبر میں ایشیا کپ کے دوران انڈیا کی مردوں کی ٹیم نے پاکستانی حریفوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا، اور اس کے بعد سے دونوں ٹیموں میں تعلقات میں بہتری کے کوئی آثار نہیں دکھائی دیے۔
یہ دشمنی خواتین کی ٹیموں تک بھی پھیل گئی، جنہوں نے حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں کسی قسم کی ملاقات سے گریز کیا، اور اتوار کو دوحہ میں مردوں کے رائزنگ سٹارز ایشیا کپ میچ میں بھی یہی صورتحال رہی۔
یہ توقع کی جا رہی تھی کہ انڈیا کی بلائنڈ کھلاڑی بھی اپنی بصارت رکھنے والی ٹیموں کے رویے کی پیروی کریں گی، کیونکہ ٹاس کے بعد کوئی مصافحہ نہیں ہوا، لیکن میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں نے گرمجوشی سے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
دونوں ٹیمیں ایک ہی بس میں میدان تک آئیں اور نہ صرف ہاتھ ملائے بلکہ ایک دوسرے کی تعریف بھی کی۔

پاکستان کی کپتان نمرا رفیق نے انڈیا کو شاندار فتح پر مبارکباد دی (فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا نے 10.2 اوورز میں آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کی، جبکہ پاکستان کو 20 اوورز میں 135 رنز پر محدود کر دیا گیا تھا۔ یہ میچ کٹونائیکے کے فری ٹریڈ زون گراؤنڈ میں ہوا، جو کولمبو سے 30 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔
پاکستان کی کپتان نمرا رفیق نے انڈیا کو شاندار فتح پر مبارکباد دی، جبکہ انڈین کپتان ٹی سی دیپیکا نے کہا کہ پاکستان نے بھی اچھا کھیل پیش کیا۔
دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے لیے زور دار تالیاں بجائیں، لیکن کھلاڑیوں کو میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
دیگر چار ممالک آسٹریلیا، نیپال، سری لنکا اور امریکہ بھی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں، جو انڈیا میں شروع ہوا تھا اور آخری مراحل کے لیے سری لنکا منتقل ہوا۔ فائنل اگلے اتوار کو کولمبو میں شیڈول ہے۔

 

شیئر: