پاکستان اور چین کا انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور چین کا انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پیر 17 نومبر 2025 11:01
وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستان میں چین کے سفیر جیان زیڈونگ کے درمیان ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پیر کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی سفیر جیان زیڈونگ نے پچھلے دنوں اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت اور قیمتوں جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بھی اس واقعے کی مذمت کی گئی ہے۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی سے متعلق معاملات پر تعاون کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد و احترام پر مبنی ہیں۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’چین وہ بااعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔‘
چینی سفیر جیان زیڈونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
چین نہ صرف پاکستان کا سٹریٹیجک اتحادی ہے بلکہ سرمایہ کاری کے لحاظ سے بھی بہت اہم ملک ہے۔
چین نے سی پیک منصوبے پر پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
چین نے پچھلے چند سال کے دوران پاکستان کی گوادر پورٹ کو چین کے سنکیانگ کے علاقے سے جوڑنے کے لیے سڑکوں، ریلوے اور توانائی کی پائپ لائنز میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور اس منصوبے کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے نام سے جانا جاتا ہے۔
تاہم اس منصوبے کو مختلف دھچکوں اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ علیحدگی پسند عسکریت پسند اور ٹی ٹی پی سے وابستہ عناصر ان منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
بیجنگ کی جانب سے پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ملک میں موجود اس کے شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائے جس کی اسلام آباد نے یقین دہانی کرائی ہے۔
پاکستان میں چینی شہریوں پر عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافے اور دونوں کے مشترک حریف انڈیا پر عدم اعتماد نے حالیہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب کیا ہے اور ان کے درمیان انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی سے متعلق تعاون بھی بڑھا ہے۔