Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں پتنگ اڑانے پر باپ نے بیٹے کو تشدد کر کے قتل کر دیا، ملزم گرفتار

ایس ایس پی کرائم انویسٹی گیشن ونگ عمران قریشی کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
کوئٹہ میں ایک ہیئر ڈریسر نے اپنے 11 سالہ بیٹے کو مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کر دیا ہے۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پیر کو کوئٹہ کے علاقے کلی شابو میں پیش آیا جہاں 11 سالہ محمد سلطان کو اس کے والد نے معمولی سی بات یعنی پتنگ اڑانے پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس تھانہ ایئرپورٹ میں درج مقدمے کے متن کے مطابق تشدد کی وجہ سے بچے کی حالت بگڑی تو ملزم محمد ندیم راجپوت اپنے بیٹے کو خود ہسپتال لے کر آیا تاہم سول ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ چکا تھا۔
ہسپتال عملے نے بچے کے جسم پر لگنے والے پرانے اور تازہ زخم دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق معائنہ کرنے پر بچے کے ماتھے، سر کے پچھلے حصے، ٹانگوں، ہاتھ اور کمر پر متعدد چوٹوں کے نشانات پائے گئے۔ ڈاکٹر نے موت کی وجہ تشدد کو قرار دیا۔
ابتدائی بیان میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے بیٹے کو پتنگ اڑانے پر مارا تھا جس کے بعد بچے کی حالت خراب ہو گئی۔
ملزم کا کہنا ہے کہ وہ اسے پہلے ایک نجی کلینک لے کر گیا، پھر سول ہسپتال لے جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی کلی شابو میں ہیئر ڈریسر کی دکان ہے اور وہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کے علاقے سمڑیال کا رہائشی ہے۔

ابتدائی بیان میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے بیٹے کو پتنگ اڑانے پر مارا تھا (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

تین ماہ قبل اس نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی اور بچے کو اپنے ساتھ کوئٹہ لایا۔ دونوں باپ بیٹے دکان میں ہی رہائش پذیر تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ اکثر علاقے کے بچوں کے ساتھ کھیلتا تھا اور والد اسے منع کرتا رہتا تھا۔ گزشتہ روز پتنگ اڑانے کے بعد بچہ واپس آیا تو والد نے اسے مارا پیٹا۔
کیس کو مزید تفتیش کے لیے سیریس کرائمز انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق بچے کے جسم پر  پرانے زخم کے نشانات بھی ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ اسے پہلے بھی بچے کو مارا پیٹا جاتا تھا۔
ایس ایس پی کرائم انویسٹی گیشن ونگ عمران قریشی کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے دو لوہے کے راڈ اور ایک لکڑی کی چھڑی بھی برآمد کی ہے جن کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ تشدد میں استعمال کیے گئے۔

شیئر: