Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منڈی بہاؤالدین: پی ٹی سی ایل کی زیرِ زمین کیبلز چوری کے دوران تین ’چور‘ دم گھٹنے سے ہلاک، تین گرفتار

مین ہول پی ٹی سی ایل کی عمارت سے باہر تھے، جہاں سے ملزمان عمارت کے اندر گھس کر تاریں اور دیگر قیمتی سامان چوری کرنا چاہتے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین میں پی ٹی سی ایل کی زیرِ زمین کیبلز چوری کرنے کے دوران مبینہ طور پر تین چور دم گھٹنے سے ہلاک جبکہ تین کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے ضلعی ترجمان کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے وسو روڈ پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی ایک مین ہول میں چھ مبینہ چوروں نے زیرِ زمین کیبلز چوری کرنے کی کوشش کی۔
اس دوران تین چور دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے جبکہ تین کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات پیش آیا۔
منڈی بہاؤالدین پولیس کے ترجمان کے مطابق پی ٹی سی ایل کے ایک اہلکار نے آدھی رات کے بعد 15 ہیلپ لائن پر اطلاع دی کہ وسو روڈ پر کمپنی کی ایک مین ہول کا ڈھکن جزوی طور پر ہٹا ہوا ہے، جو کہ ایک غیر معمولی صورتِ حال ہے۔
پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی تو تین نوجوان، جن کی شناخت بلال، زاہد اور عدیل کے نام سے ہوئی، پی ٹی سی ایل کی زیرِ زمین کیبلز کاٹ کر چوری کرنے میں مصروف تھے۔ یہ تینوں ملزمان مظفر گڑھ ضلع کی تحصیل علی پور کے رہائشی ہیں۔
گرفتار ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ ان کے تین ساتھی کمپنی کی ایک اور مین ہول میں کیبلز چوری کرنے کے لیے اترے ہوئے ہیں۔ پولیس نے دوسری مین ہول کا ڈھکن ہٹایا تو تین نوجوان بے ہوش حالت میں پڑے ہوئے تھے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم کو بلایا گیا، جس نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 21 سالہ شہباز، 23 سالہ نوجوان، جبکہ تیسرے نوجوان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
یہ تینوں بھی مظفر گڑھ ضلع کی تحصیل علی پور کے رہائشی تھے۔ لاشوں کو منڈی بہاؤالدین ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جنہیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ ایک زندہ بچ جانے والے ملزم کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، جسے ابتدائی طور پر ہسپتال میں داخل کیا گیا، مگر حالت بہتر ہونے پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
منڈی بہاؤالدین سول لائنز تھانے میں پی ٹی سی ایل کے ایک افسر کی مدعیت میں مبینہ چوروں اور پی ٹی سی ایل کے ٹھیکیداروں حضوری بخش اور یونس (دونوں مظفر گڑھ کے رہائشی، جو فی الحال اسلام آباد میں مقیم ہیں) کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ مقدمات میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 322 شامل ہیں۔
پولیس ٹھیکیداروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ مین ہول پی ٹی سی ایل کی عمارت سے باہر تھے، جہاں سے ملزمان عمارت کے اندر گھس کر تاریں اور دیگر قیمتی سامان چوری کرنا چاہتے تھے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان چوروں کو اس عمارت کی مکمل معلومات تھیں اور ان کے پاس نقشہ بھی موجود تھا۔
مبینہ چوروں نے علاقے کی ریکی کی تھی اور وہ ایک ہفتے سے اسی علاقے میں موجود تھے۔ ملزمان کی نشاندہی پر ان ٹھیکیداروں کو گرفتار کرنے کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں جنہوں نے اس چوری کی منصوبہ بندی کی۔

شیئر: