کوئٹہ میں نامعلوم چوروں نے ایک شہری کے گھر سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی قیمتی گھڑیاں اور لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی چرا لی۔
پولیس کے مطابق واقعہ کوئٹہ کینٹ کے علاقے سید احمد خان روڈ کے رہائشی سید محمد آصف کے گھر میں پیش آیا جو ان دنوں روس میں مقیم ہیں۔ ان کے بھائی سید محمد ثمین نے بجلی روڈ تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق محمد آصف کچھ روز قبل روس روانہ ہوئے تھے جس کے بعد ان کی اہلیہ بچوں کے ہمراہ اپنے والدین کے گھر چلی گئیں۔ واپسی پر کمرے کا سامان بکھرا ہوا اور الماری کھلی ہوئی ملی۔
مزید پڑھیں
تلاشی لینے پر معلوم ہوا کہ الماری سے تین قیمتی گھڑیاں جن کی مالیت تقریباً دو کروڑ 25 لاکھ روپے ہے اور غیر ملکی کرنسی غائب تھی۔ چوری شدہ کرنسی میں آٹھ ہزار ڈالر، 20 ہزار ریال اور ڈھائی ہزار برطانوی پاؤنڈ شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 45 لاکھ پاکستانی روپے بنتی ہے۔
بجلی روڈ تھانہ پولیس کی تفتیشی ٹیم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ گھڑیوں کے برانڈ اور خریداری کی تفصیلات تاحال گھر کے مالک نے فراہم نہیں کیں۔ وہ بیرون ملک موجود ہیں اور ان کی واپسی کا انتظار کیا جارہا ہے۔ اب تک کیس میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوسکی۔
متاثرہ شخص کے بھائی سید محمد ثمین نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پولیس نے انہیں اس معاملے پر گفتگو کرنے سے روکا ہے تاکہ تفتیش کا عمل متاثر نہ ہو۔