سعودی عرب میں کمرشل ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے کا معاہدہ
سعودی عرب میں کمرشل ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے کا معاہدہ
منگل 18 نومبر 2025 23:46
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے تحت ’دا ہیلی کاپٹر کمپنی‘ (ٹی ایچ سی) نے، جو مملکت کی اعلٰی ترین تجارتی ہیلی کاپٹر آپریٹر ہے، دبئی ایئر شو میں ’المسافر‘ کے ساتھ ایک تاریخ ساز معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی عرب میں کمرشل ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت، ’المسافر‘، سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر ٹرانسفر کے لیے ’دا ہیلی کاپٹر کمپنی‘ کی پارٹر بن گئی ہے۔
’دا ہیلی کاپٹر کمپنی‘ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر آرنواد مارتینس نے اس موقع پر کہا: ’تسلسل کے ساتھ ’دا ہیلی کاپٹر کمپنی‘ کے آپریشن کو وسیع کرنے کے سلسلے میں یہ شراکت ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔ ہماری کمپنی کی خدمات، شہری فضاؤں میں نقل و حرکت کو بڑھانے، سیاحت کو فروغ دینے اور سعودی عرب کے حسن اور اس کی رنگا رنگی کو دنیا کے سامنے لانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔‘
’دا ہیلی کاپٹر کمپنی‘ کے انتہائی جدید ہیلی کاپٹروں کی وجہ سے اب ریاض، جدہ اور سعودی عرب کے دیگر مرکزی شہروں میں ایئرپورٹ سے شہر میں مسافروں کی منتقلی کا معیار بہتر اور سروس اعلٰی درجے تک پہنچ جائے گی۔
’المسافر‘ کے ساتھ ایک تاریخ ساز معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
’دا ہیلی کاپٹر کمپنی‘ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی حکمتِ عملی کے حصے کے طور پر وجود میں آئی تھی جس کا مقصد سعودی عرب میں ایسے نئے شعبوں کو متحرک کرنا تھا جو عوام کے لیے فضائی خدمات میں مکمل طور پر نئے ایکو سسٹم کا موجب بنیں اور مملکت میں ٹرانپسورٹ کی خدمات کو محفوظ بنائیں اور اس شعبے کی کارکردگی کو بہتر کرتے ہوئے’سعودی وژن 2030‘ کےاہداف کے حصول میں معاونت فراہم کریں۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی عرب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کمرشل کاپٹر سروس کے منصوبے پر عمل کیا جائے گا جس کے ذریعے سعودی عرب آنے والے سیاح اور وزیٹرز مملکت کے کسی بھی سیاحتی مقام کے لیے ہیلی کاپٹر سروس حاصل کرسکیں گے۔
واضح رہے’دا ہیلی کاپٹر کمپنی‘ کے قیام کا مقصد مملکت کے وژن 2030 کے متعین اہداف پر عمل کرتے ہوئے کمرشل ایوی ایشن کی نئی خدمات کو فروغ دینا اور محفوظ ایئرٹرانسپورٹ کی سروس مہیا کرنا ہے۔