سول ایوی ایشن تنظیم میں سعودی عرب کی رکنیت کی 2028 تک تجدید
اتوار 28 ستمبر 2025 10:20
’سعودی عرب نے ووٹنگ میں حصہ لینے والے 184 ممالک میں سے 175 ووٹ حاصل کئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن ’ایکاؤ‘ نے سعودی عرب کی رکنیت اپنے ایگزیکٹو کونسل میں مدت 2026 – 2028 کے لیے تجدید کر دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے ووٹنگ میں حصہ لینے والے 184 ممالک میں سے 175 ووٹ حاصل کئے ہیں۔
یہ انتخاب تنظیم کی 42 ویں جنرل اسمبلی کے دوران ہوا ہے جس کی میزبانی کینیڈا کے شہر مونٹریال نے کی ہے۔
اس تاریخی کامیابی کے ساتھ سعودی عرب 1986 سے ایکاؤ کی کونسل کا رکن رہا ہے اور وہ 36 نمایاں ممالک میں شامل ہے جو فضائی صنعت پر سب سے زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں جن میں امریکہ، فرانس، سنگاپور اور برطانیہ بھی شامل ہیں۔
یہ کامیابی سعودی عرب کے قائدانہ کردار اور اس کے عالمی سطح پر مؤثر آواز ہونے کے اعتراف کی عکاسی کرتی ہے جو سول ایوی ایشن کی پالیسیوں اور سمت کے تعین میں حصہ ڈالتی ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس اور جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے چیئرمین انجینئر صالح بن ناصر الجاسر نے اس کامیابی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ کارنامہ قیادت کے لامحدود تعاون اور ولی عہد کے وژن کا عکاس ہے جس کا مقصد سعودی عرب کو فضائی شعبے میں ایک عالمی قوت کے طور پر مستحکم کرنا ہے‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ یہ ’ووٹ سعودی عرب کی اُن کوششوں کی توثیق ہے جن کے ذریعے وہ تین براعظموں کو فضائی رابطوں کے ذریعے جوڑنے کا مرکز بننا چاہتا ہے تاکہ قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس اسٹریٹجی کے اہداف حاصل ہو سکیں‘۔
دوسری طرف جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے صدر عبد العزیز بن عبداللہ الدعیلج نے کہا کہ 2026 – 2028 کے لیے سعودی عرب کی رکنیت کی تجدید اس کی عالمی سطح پر بلند حیثیت اور سول ایوی ایشن کی عالمی پہلوں کے لیے اس کی حمایت کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ موجودہ جنرل اسمبلی کے دوران سعودی عرب نے سلامتی، پائیداری، تحفظ اور مسافروں کے تجربے کے شعبوں میں 31 ورکنگ پیپرز اور اقدامات پیش کئے۔
واضح رہے کہ ’ایکاؤ‘ کا قیام 1944 میں اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی کے طور پر ہوا تھا جس کا مقصد عالمی فضائی نقل و حمل کی ترقی، اس کی سلامتی، حفاظت اور کارکردگی کو بہتر بنانا اور ساتھ ہی پائیداری و ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔