سعودی عرب کی کویت میں انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں خصوصی شرکت
بک فیئر 19 سے 29 نومبر تک جاری رہے گا متعدد ادارے شریک ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی لٹریچر، پبلکشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کی جانب سے کویت میں انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں خصوصی طور پر شرکت کی گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق انٹرنیشنل بک فیئر 19 سے 29 نومبر تک جاری رہے گا جس میں مملکت کے متعدد ادارے شریک ہیں۔
سعودی کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے کہا کہ’ مملکت کی جانب سے بک فیئر میں شرکت دوطرفہ مستحکم و قدیم ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، ادب ، اشاعت و ترجمہ کے شعبے میں خلیجی تعاون ہمیشہ سے ہی مقدم رہا ہے۔‘
ڈاکٹر الواصل کا مزید کہنا تھا’ بک فیئر میں سعودی پبلشرز کو مختلف ممالک کے ساتھ تجربات کے تبادلے کا شاندار موقع فراہم ہو گا جس سے وہ ایک دوسرے سے تجربات سے مستفیض ہوں گے۔‘

واضح رہے کویت بک فیئر میں سعودی لٹریچر، پبلکشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کی سربراہی میں مملکت کے مختلف ادارے جن میں کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری، حفر الباطن یونیورسٹی، کنگ عبدالعزیز کمپلیکس وقف لائبریریز، کنگ فہد نیشنل لائبریری ، شاہ سلمان انٹرنیشنل فاونڈیشن برائے عربی زبان ، وزارت اسلامی امور ، کنگ فہد قرآن کریم پرنٹنگ پریس، نشر یونین اور کنگ عبدالعزیز فاونڈیشن شریک ہیں۔
بک فیئر میں سعودی پویلین میں مختلف ثقافتی پروگراموں کے ساتھ شعری محافل اور مذاکراتی مجالس بھی منعقد کی جائیں گی۔
