Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بلاوجہ نہیں روک رہے‘، کراچی ایئرپورٹ سے 10 ماہ میں آٹھ ہزار مسافر آف لوڈ

ترجمان ایف آئی اے کراچی نے اس حوالے سے وضاحت کی کہ کراچی ایئرپورٹ سے کسی بھی شہر یا علاقے کے شہریوں کی بیرونِ ملک روانگی پر پابندی نہیں ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی ایئرپورٹ پر گزشتہ دس ماہ کے دوران آٹھ ہزار سے زائد مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا ہے، جس نے شہریوں میں بیرونِ ملک سفر کے حوالے سے سوالات اور تحفظات پیدا کر دیے ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق یہ رکاوٹیں عام طور پر ان افراد کے ساتھ پیش آتی ہیں جو بیرونِ ملک جانے کے خواہش مند ہیں اور جن کی سفری پروفائلنگ کسی معمولی شبے یا غیر تسلی بخش دستاویز کی وجہ سے مشکوک قرار دی جاتی ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کراچی نے اس حوالے سے وضاحت کی کہ کراچی ایئرپورٹ سے کسی بھی شہر یا علاقے کے شہریوں کی بیرونِ ملک روانگی پر پابندی نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو کراچی سے سفر کرنے سے نہیں روکا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ کچھ افراد کی پروفائلنگ اس لیے سخت کی جاتی ہے کیونکہ وہ پہلے بھی بیرونِ ملک گئے اور واپس آئے ہیں، یا ان کی دستاویزات میں کوئی غیر معمولی یا مشکوک چیز پائی گئی ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف مسافروں کی حفاظت بلکہ ملک کی بین الاقوامی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے بھی ضروری ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر کے مطابق گزشتہ دس ماہ کے دوران آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں کی تعداد ہزاروں میں ہے، ان میں وہ افراد شامل ہیں جو دیگر ممالک سے ڈی پورٹ ہو کر واپس آئے تھے یا جعلی اور نامکمل دستاویزات کے ساتھ سفر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر کے مطابق گزشتہ دس ماہ کے دوران آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے شہریوں کو تسلی دی کہ کوئی بھی شخص بلاوجہ سفر سے محروم نہیں ہوگا، بلکہ صرف وہ افراد روکے جانے والوں کی فہرست میں شامل ہوتے ہیں جن کی سفری ہسٹری یا دستاویزات میں کوئی مسئلہ موجود ہوتا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق اس سخت چیکنگ کا مقصد صرف غیر قانونی یا مشکوک سفر روکنا نہیں بلکہ شہریوں کے سفر کو محفوظ اور شفاف بنانا بھی ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر یہ اقدامات اس بات کا مظہر ہیں کہ امیگریشن حکام نہ صرف سرحدی نگرانی میں بہتری لا رہے ہیں بلکہ مسافروں کے لیے ایک محفوظ اور شفاف سفر کو یقینی بنا رہے ہیں۔
دوسری جانب اسی دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کے دستاویزات کی جانچ پڑتال اور امیگریشن عملے کے طریقۂ کار کا خود جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ حکام سے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور مشکوک سفر کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں، اور مسافروں کی پروفائلنگ میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے پائے۔

بیرونِ ملک جانے والے مسافر دستاویزات مکمل کرکے سفر کریں

بیرونِ ملک سفر کرتے وقت شہریوں کے لیے کچھ بنیادی اصول بھی ہیں جن کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ سب سے پہلے دستاویزات ہمیشہ مکمل رکھیں۔ پاسپورٹ، ویزا، ورک پرمٹ یا دیگر ضروری کاغذات ہمیشہ ساتھ رکھیں اور کسی قسم کی کمی یا غلطی کی صورت میں درستگی قبل از سفر کر لیں۔ ایئرپورٹ پر چھوٹا سا نقص بھی مسافروں کو آف لوڈ ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔

بیرونِ ملک سفر کرتے وقت شہریوں کے لیے کچھ بنیادی اصول بھی ہیں جن کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے علاوہ سفری معلومات درست اور واضح دیں۔ امیگریشن اہلکار آپ سے سفر کے مقصد، دورانیہ اور رہائش کے بارے میں سوالات کریں گے۔ ہمیشہ صحیح اور واضح معلومات فراہم کریں۔ جھوٹ یا مبہم جواب دینا آپ کو  مشکوک ٹھہرائے گا اور آپ کے سفر میں رکاوٹ پیدا کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سابقہ سفری ریکارڈ کا خیال رکھیں۔ اگر آپ پہلے کسی ملک سے ڈی پورٹ ہوئے ہیں یا آپ کے ویزا کی تاریخ میں کوئی مسئلہ رہا ہے تو یہ معلومات ایئرپورٹ حکام کو صحیح طور پر دیں۔ چھپانے یا جھوٹ بولنے کی کوشش آپ کے سفر کو مشکل بنا سکتی ہے اور مزید تفتیش کا سبب بن سکتی ہے۔
بیرونِ ملک سفر کرنے والے افراد اپنا سامان اور نقدی قانونی حد میں رکھیں۔ غیر قانونی سامان یا بھاری نقدی کے ساتھ سفر کرنا بھی مشکوک سمجھا جاتا ہے اور امیگریشن حکام آپ کی پروفائلنگ سخت کر سکتے ہیں۔
مسافر اپنے موبائل اور رابطے کے ذرائع تیار رکھیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کے لیے اپنا موبائل، سفارت خانے کے نمبر اور قریبی رشتہ دار یا دوست کا رابطہ تیار رکھیں۔ یہ آپ کے سفر کو محفوظ بنانے اور غیر متوقع صورتحال میں مدد دینے کے لیے ضروری ہے۔ اسی طرح قانون اور قواعد کی پابندی کریں۔ کسی بھی ملک کے قوانین، ویزا ضوابط اور ایئرپورٹ کے قواعد کی خلاف ورزی نہ کریں۔ غیر قانونی کام یا مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونا سنگین نتائج لا سکتا ہے اور آپ کے سفر کو روک سکتا ہے۔

 

شیئر: