امارات میں ایئرفورس کی مشقیں’ اے ٹی ایل سی – 35 ‘ ختم
امارات میں ایئرفورس کی مشقیں’ اے ٹی ایل سی – 35 ‘ ختم
جمعہ 21 نومبر 2025 21:56
مشقوں میں شاہی فضائیہ اوربرادر و دوست ممالک کے دستوں نے شرکت کی(فوٹو، ایس پی اے)
متحدہ عرب امارات میں جاری مشترکہ فضائی مشقیں ’اے ٹی ایل سی – 35 ‘ ختم ہو گئیں۔ مشقوں میں شاہی فضائیہ اور رائل ایئرڈیفنس کے یونٹس اور دیگر دوست و برادر ممالک کے دستوں نے شرکت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ’ایئراینڈ میزائل وار فیئر‘ کی مشقوں میں فضائیہ کے ٹورنیڈو طیاروں نے اپنی تربیتی پروازیں مکمل کیں جس میں دفاعی اور حملوں کے علاوہ فضائی نگرانی اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی مشقی کی گئی جبکہ فضائیہ کے دستوں نے ٹیکٹیکل نائٹ ڈراپ آپریشنز (رات کی تاریکی میں پیرا شوٹ کے ذریعے اترنا) اور ہوا میں رہتے ہوئے جہازوں میں ایندھن بھرنے کی مشقیں بھی شامل تھیں۔
صلاحیتوں میں اضافہ اور باہمی تجربات سے استفادہ کرنا ہے (فوٹو، ایس پی اے)
مشقوں میں حصہ لینے والے فضائیہ کے گروپ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل اسٹاف پائلٹ حمد بن ہاشم الحربی نے بتایا کہ مشقوں کا بنیادی مقصد ایک دوسرے کی صلاحیتوں میں اضافہ اور باہمی تجربات سے استفادہ کرنا ہے۔
مشقوں میں حقیقی حالات پیدا کرنے کے باعث جوانوں کی مہارتوں کو نکھارا جاتا ہے جس میں نہ صرف پائلٹ شامل ہیں بلکہ گراونڈ کنٹرول یونٹس بھی برابر کا حصہ لیتے ہیں ۔
انکا کہنا تھا کہ مشترکہ فضائی مشق ’ایئراینڈ میزائل وارفیئرسینٹر ’اے ٹی ایل سی – 35 ‘ کا مقصد تجربات کے تبادلے ، محتلف نوعیت کے فضائی جنگی طریقوں کو اپنانا اور شریک ممالک کے مابین عسکری تعاون کو فروغ دینا ہے ۔