دبئی ایئرشو میں تباہ ہونے والے انڈین طیارے کے پائلٹ کون تھے؟
انڈین فضائیہ کے ونگ کمانڈر نمَنش سیال کی المناک موت پر پورا انڈیا سوگ میں ڈوب گیا ہے۔ ہماچل پردیش کے ضلع کنگڑا سے تعلق رکھنے والے اس پائلٹ کی جمعے کو دبئی ایئرشو میں فضائی مظاہرے کے دوران ایل سی اے تیجس لڑاکا طیارے کے حادثے کا شکار ہونے سے موت واقع ہو گئی۔
اکنامک ٹائمز کے مطابق حادثہ چند ہی لمحوں میں پیش آیا اور عالمی ایوی ایشن نمائش ایک دلخراش منظر میں بدل گئی۔ 37 سالہ ونگ کمانڈر سیال جگناتھ سیال کے بیٹے تھے اور ناگروٹا بگوان تحصیل کے پٹیالکڈھ گاؤں سے تعلق رکھتے تھے۔
انڈین فضائیہ کے مطابق مظاہرے کے دوران تیجس طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نمَنش سیال بچ نہ سکے۔
ہماچل پردیش کے وزیراعلٰی کی تعزیت
ہماچل پردیش کے وزیراعلٰی سکھوِندر سنگھ سکھو نے ریاست کے اس ’بہادر بیٹے‘ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکس پر ایک جذباتی پیغام میں لکھا کہ ’دبئی ایئرشو میں تیجس طیارے کے حادثے میں ہماچل پردیش کے ضلع کنگڑا کے بہادر بیٹے نمَنش سیال جی کی موت کی خبر نہایت دکھ پہنچانے والی ہے۔ میں سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔‘
تیجس طیارہ بنانے والی کمپنی ہندستان ایرو نویٹکس لمیٹڈ نے بھی اس سانحے پر افسوس کا اظہار کیا۔ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم فضائی مظاہرے کے دوران بہادر انڈین فضائیہ کے پائلٹ کی المناک موت پر گہرے رنجیدہ ہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں لواحقین کے ساتھ ہیں اور ہم دلی تعزیت کرتے ہیں۔‘
حادثہ کیسے پیش آیا؟
دبئی کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 10 منٹ پر لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ تیجس، جو ہندستان ایرو نویٹکس لمیٹڈ نے تیار کیا ہے، المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریباً آٹھ منٹ کے فضائی مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔
