ریاض میں نومولود بچی کے دل کا کامیاب آپریشن، پیس میکر لگا دیا گیا
نومولود بچی کی عمر 4 ہفتے اور وزن دو کلو گرام ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر میں عارضہ قلب میں مبتلا نومولود بچی کے دل کا کامیاب آپریشن کرکے خصوصی پیس میکر لگا دیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق نومولود بچی کی عمر 4 ہفتے اور وزن دو کلو گرام ہے۔
میڈیکل ٹیم نے بچی کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ اس کے دل کی دھڑکنیں منظم نہیں جس پر ٹیم نے پیدائشی نقص کی اصلاح کےلیے دل کی سرجری کی۔
تاہم دھڑکن کمزور ہونے کی وجہ سے طبی ٹیم نے انہیں منظم رکھنے کےلیے خصوصی تیار کردہ آلے ’پیس میکر‘ کو نومولود بچی کے دل کے ساتھ پیوست کردیا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا’ بچی کے عمر اور اس کی وزن کو دیکھتے ہوئے خصوصی پیس میکر تیار کرایا گیا تاکہ دل کی دھڑکنوں کو بہتر کیا جائے۔‘
ڈاکٹروں کا کہنا تھا’ دنیا بھر میں ایسے کیسز کی تعداد 85 سے زیادہ نہیں۔ ایشیا اور مشرق وسطی کی سطح پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس تھا جس میں نومولود کے دل کی دھڑکنوں کو بحال اور معتدل رکھنے کےلیے انتہائی چھوٹا پیس میکر نصب کیا گیا۔‘
