مکہ میں مقامی دستکاری کے فروغ کے لیے ثقافتی انیشیٹیو کا آغاز
قومی ورثے کے انیشیٹیو کے حصے کے طور پر اسے شروع کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ میں حرا کلچرل ڈسٹرکٹ نے ورثہ کمیشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے مقامی دستکاریوں کے فروغ کے لیے نئے ایونٹس کا آغاز کیا ہے
یہ مقامی دستکاروں اور روایتی ہنر کو فروغ دینے کے لیے قومی ورثے کے انیشیٹیو کے حصے کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔

پیر کو شروع ہونے والے اس ایونٹ میں ایک نمایاں سرگرمی ’لٹل آرٹیزن‘ تھی، جس میں بچوں کے لیے ڈرائنگ اور شیشے پر نقش و نگار بنانے کی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا، تاکہ کم عمری میں فنونِ لطیفہ سے آگاہی اور صلاحیتوں کی دریافت کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ پروگرام جو 26 نومبر تک جاری رہیں گے، ثقافتی سرگرمیوں پر مشتمل ہیں جن میں نمائش کے سٹالز، پینلز ڈسکشن اور دستکاری سے تیار شدہ مصنوعات کی نمائشیں شامل ہیں۔

ان کا مقصد دستکاروں کی تجارتی اور ثقافتی موجودگی کو بڑھانا اورعوام میں مقامی مستند مصنوعات کی دلچسپی کو فروغ دینا ہے۔
یہ پروگرام مکہ میں ایک ثقافتی مرکز کا کردار ادا کرتے ہیں جہاں آنے والے وزیٹرز دستکاروں سے ملاقات کر کے ان کی مہارتوں کے بارے میں سیکھ سکتے ہیں۔ یہ تمام سرگرمیاں ایک ایسے انٹرایکٹیو ماحول میں پیش کی جاتی ہیں جو قومی شناخت کی عکاسی کرتا ہے۔
