Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحت اور مصنوعی ذہانت کو تقویت دینے کے لئے سعودی، اطالوی شراکت

’مصنوعی ذہانت کے میدان میں کام کے پھیلاؤ میں ڈویلپرز کو جذب کرنا شامل ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح نے ریاض میں منعقدہ سعودی، اطالوی سرمایہ کاری و کاروباری فورم میں شرکت کے دوران کہا ہے کہ سعودی عرب تیز رفتار ترقی پانے والے متعدد شعبوں میں اٹلی کے ساتھ تعاون کے افق کو مزید وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے واضح کیا ہے کہ سیاحت، ڈیزائن، فیشن، فرنیچر، فلم سازی اور ورثے کے تحفظ جیسے شعبے ان نمایاں میدانوں میں شامل ہیں جنہیں سعودی عرب عالمی نوعیت کی شراکت داریوں کے ذریعے ترقی دے رہا ہے اور اطالوی فریق کے ساتھ شراکت ان شعبوں کے لئے اضافی قدر کا حامل ہے کیونکہ اٹلی کو ان میدانوں میں عالمی مہارت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’مصنوعی ذہانت کے میدان میں کام کے پھیلاؤ میں ڈویلپرز کو جذب کرنا، تحقیقاتی مراکز کی معاونت اور علم کی منتقلی کو مضبوط بنانا شامل ہے تاکہ سعودی عرب میں جاری ڈیجیٹل تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کی جا سکے‘۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سعودی، اطالوی شراکت دفاع، خلا اور سائبر سکیورٹی جیسے اہم قومی شعبوں کی حکمتِ عملیوں کو مؤثر طور پر تقویت دیتی ہے اور یہ کہ دونوں ممالک کے تعلقات تیزی سے ترقی کر رہے ہیں جس سے سعودی اور اطالوی کمپنیوں کے لئے وسیع سرمایہ کاری مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

شیئر: