Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خزاں کی چھٹیوں کے دوران ینبع میں ہوٹلوں کی بکنگ 90 فیصد

’ینبع سیاحتی منزل کے طور پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے ساحلی شہر ینبع میں خزاں کی تعطیلات کے دوران ہوٹلز، فلیٹس اور ریزورٹس میں 90 فیصد سے زائد بکنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار اس بات کی واضح علامت ہیں کہ ینبع سیاحتی منزل کے طور پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
ینبع سیاحتی ایسوسی ایشن کے سربراہ ترکی قرنبیش نے کہا ہے کہ ’یہ نمایاں سیاحتی سرگرمی شہر کی متنوع قدرتی، بحری اور ثقافتی خوبصورتیوں کے ساتھ ساتھ اُن مخصوص اقدامات اور پروگراموں کا نتیجہ ہے جو ینبع کے سیاحتی تجربے کو مزید پراثر بناتے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’خزاں کا موسم ینبع میں مختلف عمر اور دلچسپی رکھنے والے افراد کے لئے سرگرمیوں کا وسیع انتخاب پیش کرتا ہے‘۔
’ان میں بحری سرگرمیاں نمایاں ہیں، جیسے بحیرہ احمر کی گہرائیوں میں غوطہ خوری، خاندانی ماہی گیری کے سفر، دلکش جزیرے کی سیر، تیراکی اور دیگر آبی سرگرمیاں شامل ہیں‘۔
’ریتیلے ٹیلوں کے اوپر پیراگلائیڈنگ کی سرگرمیاں بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہی ہیں کیونکہ یہ زائرین کو فضا سے ینبع کے پُرکشش مناظر کا حسین امتزاج پیش کرتی ہیں‘۔
’بری مہمات کے شوقین افراد کے لئے سفاری ٹرپس، صحرا میں بائیکنگ اور دیہی ریزورٹ میں سکون بخش قیام کے پروگرام موجود ہیں جو شہری شور و غل سے دور پرسکون ماحول فراہم کرتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ینبع کے تاریخی اور ثقافتی مقامات بھی بڑھتے ہوئے سیاحتی رجحان کا حصہ بن رہے ہیں جہاں مستند رہنماؤں کی جانب سے تعارفی دورے کروائے جا رہے ہیں جو شہر کے قدیم ثقافتی ورثے اور تاریخ کو اجاگر کرتے ہیں‘۔
ترکی قرنبیش نے مزید بتایا کہ ’خزاں کی تعطیلات کے ساتھ جاری موسمی میلے بھی سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کا سبب بنے ہیں جو خاندانی، تفریحی اور فنونِ لطیفہ سے متعلق پروگراموں کے ذریعے زائرین کے تجربے کو مزید خوشگوار بناتے اور سیاحتی شعبے کی حمایت کرتے ہیں‘۔

شیئر: