سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 15 فیصد اضافہ
’عالمی جیو پولیٹیکل تناؤ کے باوجود یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے سعودی معیشت پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عالمی جیو پولیٹیکل تناؤ کے باوجود یہ اضافہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سعودی معیشت پر اعتماد اور سعودی عرب کی خطے اور عالمی سطح پر پرکشش سرمایہ کاری مرکز کی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے۔
مالی سال 2025 کی تیسری سہ ماہی کے لئے ریاست کے عام بجٹ کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت وژن 2030 کے اہداف کے تحت معاشی اور مالی اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان اصلاحات کا مقصد درمیانی اور طویل مدت میں مالی استحکام کو یقینی بنانا اور عالمی اقتصادی چیلنجز اور توانائی منڈیوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ سے مؤثر طور پر نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔
غیر تیل آمدنی نے تیسری سہ ماہی کے اختتام تک تقریباً 383 ارب ریال کا ہدف حاصل کیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔
یہ اضافہ ان اقدامات اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے جن کا مقصد آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا اور غیر تیل معیشت کی ترقی کو تقویت دینا ہے۔