جمیکا کی جڑی ہوئی بچوں کا آپریشن، ایک کی حالت مستحکم ، دوسری کی تشویشناک
جمعرات 27 نومبر 2025 18:19
جمیکن بچیوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن 13 نومبر 2025 کو کیا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان مرکز میں سعودی میڈیکل پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ کا کہنا ہے جڑی ہوئی جمیکن بچیوں ’ازاریا اور ازورا ایلسون ‘ کے کامیاب آپریشن کے بعد ’ازایا‘ کی حالت مستحکم ہے۔
’ازایا‘ کو عام وارڈ میں منتقل کردیا گیا جبکہ ازورا ایلسون‘ کی حالت بدستور تشویشناک ہے، انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا ’جڑی ہوئی جمیکن بچیوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن 13 نومبر 2025 کو ریاض کے کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال برائے اطفال میں کیا گیا تھا۔‘
آپریشن کے فوری بعد دونوں بچیوں کو علیحدہ بستر فراہم کیا گیا جنہیں مصنوعی تنفس اور غذائی نالیاں لگائی گئی تھیں۔
ازاریا تیزی سے روبہ صحت ہے، اس نے نارمل طریقے سے خوراک لینی شروع کردی جبکہ دوسری بچی ’ازورا‘ کی طبی حالت بہتر نہیں۔
انہوں نے مزید کہا ’زورا کو تاحال سانس لینے میں دشواری ہونے کی وجہ سے مصنوعی تنفس پر رکھا گیا ہے، اس کا علاج جاری ہے۔‘
’ازورا‘ کا دل پیدائشی طور پر نارمل کے مقابلے میں 20 فیصد کمزور تھا ، مملکت آنے سے قبل بھی دل کے علاج کے لیے دوائیں دی جاتی تھیں۔
ڈاکٹر الربیعہ نے مزید کہا’ ماہرین امراض قلب کی سعودی ٹیموں نے جو دل کی پیوند کاری کے حوالے سے بھی معروف ہیں ’ازورا‘ کی طبی حالت کا جائزہ لیا تاکہ اس امکان کا جائزہ لیا جاسکے کہ ’ازورا‘ کے دل کی پیوند کاری کے کتنے امکانات ہیں تاہم عمر اور وزن کم ہونے کی وجہ سے دل کی پیوند کاری ممکن نہیں ہوسکتی۔‘
واضح رہے جمیکا سے تعلق رکھنے والی دو جڑی ہوئی بچیاں ’ازاریا اور ازورا ایلسون ‘ سینے اور پیٹ سے جڑی ہوئی تھیں ان کا جگر بھی مشترک تھا۔ طویل دورانیے کا آپریشن کیا گیا جو 6 مراحل پر مشتمل تھا۔
سیامی بچیوں کو جدا کرنے کے آپریشن میں 25 رکنی ٹیم نے شرکت کی جن میں مختلف شعبوں کے ماہرین شامل تھے۔
خیال رہے سعودی میڈیکل پروگرام جو خاص طورپر سیامی بچوں ( جسم سے جڑے ہوئے) کو علیحدہ کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔
اب تک 5 براعظموں کے 28 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 152 بچوں کو کامیابی سے علیحدہ کیا جاچکا ہے۔
