موسم سرما میں طائف کے پہاڑی مقامات پر کیمپنگ کا لطف اٹھائیں
مختلف مقامات پر ’بیٹھک‘ کے لیے خصوصی سیٹنگ ایریا بنائے گئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی طائف کمشنری کے قدرتی پہاڑی مقامات پر لوگ بڑی تعداد میں خوشگوار موسم میں کیمپنگ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹورسٹ گائیڈ ھاشم العبدلی نے بتایا’ موسم سرما میں طائف کا علاقہ پہاڑی و زمینی تفریح کے شوقین کے لیے انتہائی اہم مقام شمار ہوتا ہے۔‘

’یہاں کا وسیع قدرتی تنوع اور بھرپور جنگلی حیات اسے سیاحوں اور فطرت کے شائقین کے لیے پرکشش مقام بناتی ہے۔‘
ھاشم العبدلی نے کہا تفریح کے شوقین افراد کی آمد ہفتہ وار تعطیل کے دنوں میں زیادہ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ موسم سرما کے دوران شام کے اوقات میں کیمپنگ غیرمعمولی طور پرمقبول ہے۔

مختلف مقامات پر ’بیٹھک‘ کے لیے خصوصی سیٹنگ ایریا بنائے گئے ہیں جہاں لوگ سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں آتے ہیں۔
واضح رہے طائف کا پہاڑی علاقہ مختلف وادیوں اور گھاٹیوں پر مشتمل ہے جن میں معروف الشفا، الھدا اور الکر شامل ہیں جہاں مختلف مقامات پر کیمپنگ کی سہولت موجود ہے۔
