سعودی ولی عہد اور امیر قطر کی ملاقات، سعودی، قطری رابطہ کونسل کا اجلاس
ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو ریاض کے قصر الیمامہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات میں دونوں سربراہوں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی، توانائی، صنعت،ثقافت، سیاحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق مشترکہ بیان میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ امیر قطر کا دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ہوا۔
سعودی، قطری رابطہ کونسل کا آٹھواں اجلاس بھی منعقد ہوا جس کی صدارت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے کی۔
اجلاس میں توانائی کی سلامتی ، صنعتی شراکت داری، ڈیجیٹل معیشت، نوجوانوں اور کھیلوں کے پروگرام، میڈیا تعاون، سائبر سیکیورٹی اور صحت کے شعبوں میں رابطہ بڑھانے پر زور دیا گیا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سال 2024 میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت 930.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جو سال 2021 کے مقابلے میں 634 فیصد زیادہ ہے۔

دوطرفہ تجارت میں اضافے اور اس حوالے سے درپیش چیلنجزسے بہتر طورپر نمٹنے اور مملکت و قطر کے وژن 2030 کے فریم ورک اندر ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زوردیا گیا۔
دفاعی و سیکیورٹی امور کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک نے دہشتگردی، منشیات، سرحدی تحفظ، سائبر سیکیورٹی اور مجرمانہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

فریقین نے مختلف شعبے جن میں ڈیجیٹل معیشت و اختراع، صنعت و کان کنی ، مشترکہ صنعتی کوششوں میں اضافہ، نوجوان، کھیل، ثقافتی پروگرامز، تعلیم اور میڈیا ، مشترکہ میڈیا پروڈکشن ، کوریج اور صحت میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
عالمی امور پر دونوں ممالک نے امن و استحکام کے حوالے سے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

جبکہ سعودی عرب نے قطر کی جانب سے ورلڈ واٹر آرگنائزیشن کے چارٹر کی منظوری کا خیر مقدم کیا۔
دورے اختتام میں امیر قطر شیخ تیم بن حمد آل ثانی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قطری قیادت اورعوام کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
