فیفا عرب کپ 2025: سعودی عرب سیمی فائنل میں پہنچ گیا، فلسطین کا قابل ستائش سفر ختم
سعودی عرب نے جمعرات کو ایک سخت اور سنسنی خیز کوارٹر فائنل میچ کے اضافی وقت میں فلسطین کو دو ایک سے شکست دے دی۔
دوحہ میں جاری عرب فٹبال کپ میں فلسطین کا سفر ختم ہو گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ہروے رینارڈ کی ٹیم نے قطر کے الریان میں پہلے ہاف کے زیادہ تر حصے پر غلبہ رکھا۔ وہ فلسطین کی منظم دفاعی لائن کے خلاف کھیل رہے تھے، جس نے گروپ مرحلے کے تین میچوں میں سے دو میں مخالف ٹیم کو گول نہیں کرنے دیا تھا۔

اردن یا عراق، جو جمعہ کو کھیلیں گے، پیر کو سیمی فائنل میں سعودی عرب کا سامنا کریں گے۔
فارس البریکان نے سعودی عرب کو 58ویں منٹ میں پنالٹی سے برتری دلوائی جبکہ چھ منٹ بعد فلسطین کے بعد عدی الادباغ نے گول کرکے میچ برابر کر دیا۔

سعودی فٹبال ٹیم کو میچ کے آخر میں دوبارہ برتری حاصل کرنے کا موقع ملا جب اسے پنالٹی دی گئی، لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے یہ فیصلہ رد کر دیا۔ یوں ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد میچ اضافی وقت میں چلا گیا۔
میچ کے آخری پانچ منٹ میں اور پنالٹی شوٹ آؤٹ کے قریب محمد کنو نے فیصلہ کن گول کر دیا جب انہوں نے الدوسری کے بالکل درست کراس کو ہیڈ کر کے گول کیا، جس سے گرین فالکنز سیمی فائنل میں پہنچ گئے اور فلسطین کے شاندار کھیل کا اختتام ہوا۔