کنگ سلمان سینٹر کی انسانی خدمات، 109 ممالک میں 8 ارب ڈالر کی امداد
اتوار 21 دسمبر 2025 11:35
’یہ سینٹر شفافیت، غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ اصولوں پر مبنی انسانی پیغام لے کر آگے بڑھا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب انسانی ہمدردی کے میدانوں میں اپنی عالمی حیثیت کو مسلسل مستحکم کر رہا ہے جہاں امدادی اور ترقیاتی شعبوں میں اس کی متواتر کوششیں عطا، یکجہتی اور تعاون کی اقدار کی عملی تصویر پیش کرتی ہیں۔
قیامِ مملکت سے اب تک سعودی عرب کی انسانی و ترقیاتی امداد کی مجموعی مالیت 142 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے جس کے ذریعے 173 ممالک میں 8,457 منصوبے نافذ کئے گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس شعبے میں سعودی عرب کے نمایاں ترین بازوؤں میں کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد شامل ہے جس کا قیام 13 مئی 2015ء کو عمل میں آیا۔

یہ سینٹر شفافیت، غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ اصولوں پر مبنی واضح انسانی پیغام لے کر آگے بڑھا۔
اپنے قیام سے اب تک سینٹر نے 109 ممالک میں 3,911 منصوبے نافذ کئے، جن کی مجموعی مالیت 8 ارب 255 ملین امریکی ڈالر سے زائد ہے۔
سینٹر کی کاوشیں غذائی، طبی اور رہائشی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ متاثرہ ممالک کے اہم اور بنیادی شعبوں کی معاونت تک پھیلی ہوئی ہیں جن میں فلسطین، شام، یمن اور سوڈان نمایاں ہیں۔

ان اقدامات کا مقصد ضرورت مندوں کی تکالیف میں کمی لانا اور انہیں بحرانوں پر قابو پانے کے قابل بنانا ہے۔
ایک اور نمایاں انسانی پہلو میں سعودی پروگرام برائے جڑواں بچوں کی علیحدگی شامل ہے جس کا آغاز 1990ء میں ہوا۔
اس پروگرام کے تحت اب تک 67 نہایت پیچیدہ جراحی آپریشن انجام دیے جا چکے ہیں جبکہ 5 براعظموں کے 28 ممالک سے تعلق رکھنے والے 152 کیسز کا مطالعہ کیا گیا، وہ بھی مریضوں یا ان کے اہلِ خانہ پر کسی قسم کا مالی بوجھ ڈالے بغیر۔

یہ اقدام انسانی وقار کے تحفظ کے لیے مملکت کے پختہ عزم کی روشن مثال ہے۔
سعودی عرب، کنگ سلمان برائے انسانی امداد کے ذریعے، ہر سال 20 دسمبر کو منائے جانے والے عالمی یومِ انسانی یکجہتی میں دنیا کے ساتھ شریک ہوتا ہے تاکہ متاثرہ اقوام کی مدد کے اپنے مستقل مشن کی تجدید کی جا سکے اور رحم، ہمدردی اور باہمی تعاون کی اقدار کو مزید مستحکم کیا جائے۔
یوں سعودی عرب عالمی سطح پر اعلیٰ انسانی عطا کی علامت بنا رہا ہے۔