کنگ سلمان سینٹر کی افغانستان اور یمن میں امدادی سرگرمیاں جاری
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے متعدد ممالک میں اپنے انسانی اور امدادی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جن میں تعلیمی و تکنیکی مواد کی تقسیم، خصوصی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد، غذائی امداد کی فراہمی اور مستفید ہونے والے معاشروں میں ایمبولینس خدمات کی معاونت شامل ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سینٹر نے افغانستان کے صوبہ بغلان میں 2,000 غذائی پیکٹ تقسیم کئے ہیں جن سے واپس آنے والے دو ہزار افغان خاندانوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔
یہ اقدام افغانستان میں 2025–2026 کے لئے غذائی تحفظ اور ہنگامی امداد کے منصوبے کے تحت کیا گیا ہے۔

یمن کے صوبہ لحج میں سینٹر نے معذورین کی انجمنوں اور بالغوں کی خواندگی کے مراکز کے لئے مختلف تعلیمی اور تکنیکی مواد اور سامان تقسیم کیا ہے۔
یہ اقدام ہر سال 3 دسمبر کو منائے جانے والے بین الاقوامی یوم معذورین کے موقع کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے اور یمن میں خواندگی کے طلبہ اور معذورین کی صلاحیتوں کے فروغ کے لئے امدادی منصوبے کا حصہ ہے۔
فراہم کی جانے والی امداد میں سکول کی بیٹھکیں، کمپیوٹرز بمعہ لوازمات، تعلیمی اور تفریحی وسائل شامل تھے نیز الحوطہ شہر میں گونگے بہرے اور نابینا افراد کی انجمنوں، خصوصی ضرورتوں کے سکول، اور حبیل جبر و حالمین ردفان کی معذورین کی انجمنوں کے لئے حفاظتی اور سلامتی کے آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں۔
یہ منصوبہ یمن کی 6 صوبوں میں معذورین کی بحالی کے 29 مراکز اور بالغوں کی خواندگی کی 24 سرکاری سکولوں کی معاونت و تیاری کے ذریعے معذورین کی دیکھ بھال اور خواندگی کے شعبوں میں کام کرنے والے مراکز اور سرکاری اداروں کی ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کا ہدف رکھتا ہے۔