جدہ کتاب میلہ 10 دن جاری رہنے کے بعد ختم، 6 لاکھ افراد نے وزٹ کیا
اتوار 21 دسمبر 2025 11:02
’زائرین کی تعداد 6 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ ایک لاکھ 95 ہزار کتابوں کی نمائش کی گئی‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ میں کتاب میلہ 2025 کی سرگرمیوں کا اختتام کر دیا گیا ہے جو 11 سے 20 دسمبر تک منعقد ہوا ہے۔
یہ میلہ دس روزہ علمی و فکری سفر پر مشتمل تھا جس میں 24 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زائد مقامی، عرب اور بین الاقوامی اشاعتی اداروں اور ایجنسیوں نے شرکت کی جو 400 سے زائد پویلینز میں تقسیم تھے۔
ادب، پبلشنگ اور ترجمہ کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے کہا ہے کہ ’میلے کے موجودہ ایڈیشن نے سعودی عرب کے تجدید شدہ ثقافتی وژن کی واضح عکاسی کی اور اشاعتی صنعت کی ترقی کے سفر میں اہم سنگِ میل ثابت ہوا نیز معاشرے میں علمی شعور کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے‘۔
ڈاکٹر الواصل نے وضاحت کی کہ اس سال میلے میں نمایاں وسعت دیکھنے میں آئی جہاں جدہ کتاب میلہ 2025 میں آنے والے زائرین کی تعداد 6 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ تقریباً ایک لاکھ 95 ہزار کتابوں کی نمائش کی گئی۔
اس سال کے جدہ کتاب میلے میں ثقافتی سرگرمیوں کا بھرپور اور متنوع سلسلہ پیش کیا گیا جن کی تعداد 176 سے زائد رہی اور جو مختلف عمر کے طبقات اور فکری دلچسپیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئیں۔
اس سے ہمہ جہت ثقافتی تجربہ فراہم ہوا، ساتھ ہی مقامی پبلشرز اور مصنفین کے لئے وسیع مواقع میسر آئے اور معیاری اقدامات کے ذریعے سعودی مواد کی موجودگی کو تقویت دی گئی جن میں رعایتی کتابوں کا خصوصی زون بھی شامل تھا۔
مزید برآں، میلے کے تکنیکی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا، جس سے زائرین کے تجربے کے معیار میں نمایاں بہتری آئی۔
اس سال کے ایڈیشن میں منفرد اور معیاری قدم کے طور پر، میلے کے ہمراہ ثقافتی پروگرام میں سعودی فلموں کی نمائش کو شامل کیا گیا جس کا مقصد مقامی بصری بیانیے کی حمایت اور کتاب و سینما کے مابین ربط کو فروغ دینا تھا۔
ان نمائشوں کو مختلف عمر کے زائرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
اس کے ساتھ ساتھ جامع ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جس میں ممتاز ادبا اور دانشوروں نے شرکت کی اور سیمینارز و ورکشاپس کے ذریعے معاصر علمی و ادبی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔