سعودی عرب مصنوعی ذہانت کے عالمی مقابلے میں سرفہرست، 26 ایوارڈ نام کرلیے
وزیر اطلاعات نے بریفنگ میں مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا۔(فوٹو: الاخباریہ)
سعودی وزیراطلاعات سلمان الدوسری نے کہا ہے کہ’ عالمی سطح پر نوجوانوں کے لیے مصنوعی ذہانت کے مقابلے میں مملکت نے 26 ایوارڈ جیت کرپہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔‘
الاخباریہ کے مطابق پیر کو پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے مملکت کے مختلف شعبوں میں ہونے والی نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے بتایا’ مصنوعی ذہانت کے مقابلے میں سعودی عرب کو تاریخ میں سب سے زیادہ ایواڈ حاصل کرنے والے ملک کا اعزاز ملا ہے۔ 2025 کے آخر تک مملکت ڈیجیٹل گورنمنٹ میں عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہوگی۔‘
انہوں نے القدیہ ’سکس فلیگس‘ کی تفصیلات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہم قدیہ میں دیگر شراکت داروں کے ساتھ ’امپیکٹ ہاوس‘ پروجیکٹ پر بھی کام کررہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزارت تعلیم کے اشتراک سے ’ ٹیلنٹڈ میڈیا پروفیشنلزسکول ‘ منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد ابتدائی مراحل میں صلاحیتوں کو تلاش کرکے انہیں نکھارنا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا’ ولی عہد کی عطیہ خون مہم میں چار گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ مملکت میں سال 2016 کے مقابلے میں لوگوں کی عمر کی حد 74 برس سے بڑھ کر 79.7 سال ہو گئی۔‘
ریاض ریلوے کے حوالے سے انہوں نے بتایا ’سال رواں کے اعداد وشمار کے مطابق ریلوے کے آغاز سے اکتوبر 2025 تک 120 ملین افراد اس سے مستفیض ہوئے جبکہ پابندی کا تناسب 99.8 فیصد رہا۔‘
انہوں نے کہا’ گزشتہ برس کے اختتام تک سعودی خاندانں کے پاس ملکیتی بنیادوں پر مکانات کی شرح 65.4 فیصد تک پہنچ گئی۔‘
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا’ 2025 کی چوتھی سہ ماہی تک الیکڑانک گیمز، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کی سرگرمیوں میں 23 سے 35 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔‘
