العلا کی چٹانوں میں برساتی پانی محفوظ کرنے والے قدرتی ذخائر
قدیم باشندے ان قدرتی ذخائر سے بارش کا پانی استعمال کرتے تھے (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے تاریخی علاقے العلا کے مختلف مقامات پر موجود متعدد چٹانوں میں برساتی پانی کو محفوظ کرنے والے قدرتی ذخائر ہیں جہاں یہ پانی طویل عرصے تک محفوظ رہتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق ارضیاتی تشکیل اور قدرتی چٹانوں کے اندر پانی جمع کرنے کی صلاحیت کی بدولت یہاں کے مناظر بھی انتہائی دلکش ہیں جو فطرت کے حسن کو دوبالا کردیتے ہیں۔

العلا کے قدیم باشندے ان قدرتی ذخائر میں جمع ہونے والے بارش کے پانی پر گزارا کرتے تھے جبکہ قرب و جوار کی بستیوں کے مزارعین اپنی فصلوں کی آبپاشی اور مویشیوں کےلیے بھی اس پانی کا استعمال کرتے تھے۔
یہ قدرتی تالاب علاقے کی زرعی زندگی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے جن سے فصلیں اور مویشی سیراب ہوتے اور لوگوں کی آبی ضرورت بھی قدرے پوری ہوتی تھی۔
چٹانوں میں بننے والے قدرتی تالابوں کی وجہ ارضیاتی تبدیلیاں ہیں جو برساتی پانی کو محفوظ کرنے کا باعث بنیں جن سے لوگ اپنی ضرورت پوری کرتے۔
