Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر ٹریول فار وزیٹرز: بری راستے سے مسافروں کے داخلے کو آسان بنانے کے لیے الیکٹرک بائیکس

سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس، بارڈر کراسنگ کے ذریعے مسافروں کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنا رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق پاسپورٹ سکیورٹی عملے کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ ’ابشر ٹریول فار وزیٹرز سروس‘ استعمال کرنے والوں کی مدد کر سکیں۔
یہ سروس جی سی سی ممالک کے شہریوں اور وزیٹرز کے لیے دستیاب ہے۔  الیکٹرک بائیکس پاسپورٹ سکیورٹی اہلکاروں کو مسافروں کی مدد کے لیے  تیزی سے پہچنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ ابشر ایپ کے ذریعے اس سروس سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ سروس چھ ماہ بعد لازمی ہوجائے گی۔
اسے مسافروں اور ان کی گاڑیوں کے مملکت میں داخلے کے طریقہ کار کو خود کار بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے جس کے تحت وہ مملکت میں بارڈر کراسنگ پر پہنچنے سے قبل سفری تقاضے ڈیجیٹل طور پر مکمل کر سکیں گے۔

یہ نئی سروس وزارتِ خارجہ، وزارتِ سیاحت، سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی(سدایا) زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی، کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن، انشورنس اتھارٹی، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ (جوازات) اور پبلک سکیورٹی کے اشتراک و تعاون سے متعارف کرائی گئی ہے۔
سروس ابتدائی مرحلے میں اختیاری ہے تاہم اسے اجرا کے چھ ماہ بعد لازمی قرار دیا جائے گا۔
اس سروس کا مقصد مملکت میں داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانا ہے۔ مسافروں کو بری سرحدی چیک پوسٹ پر پہنچنے سے قبل سفری کارروائی مکمل کرنے اور تمام مطلوبہ امور آن لائن مکمل کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ گاڑی کی رجسٹریشن اور انشورنس بھی کرا سکیں گے۔

 بری راستے سے آنے والے افراد سفر سے قبل ابشر ٹریول سروس کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اس کے لیے انہیں اپنی شہریت، موبائل فون نمبر، سفری دستاویز کی نوعیت وغیرہ درج کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سفر کی متوقع تاریخ کا تعین کرنے کے بعد گاڑی کی انشورنس سے متعلق معلومات مکمل درج کرنا ہوں گی۔

 

شیئر: