متحدہ عرب امارات کے صدر 26 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے
بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران یو اے ای کے صدر وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کریں گے (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کا جائزہ لیا جا سکے، علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اور اسلام آباد کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے۔
بدھ کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان کے ہمراہ وزرا اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہو گا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’دورے کے دوران یو اے ای کے صدر وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کریں گے جہاں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر باہمی دلچسپی کے مطابق تبادلۂ خیال کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔‘
’یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی گہرائی اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
شیخ محمد بن زاید النہیان متحدہ عرب امارات کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔
یہ اعلان ایک دن بعد سامنے آیا جب وزیرِاعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزعابی سے ملاقات کی۔ وزیرِاعظم نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو بڑھایا جائے۔
پاکستان متحدہ عرب امارات کو اپنے قریبی اقتصادی اور علاقائی اتحادیوں میں شمار کرتا ہے، کیونکہ یہ خلیجی ملک چین اور امریکہ کے بعد اسلام آباد کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
پاکستانی پالیسی ساز متحدہ عرب امارات کو ایک بہترین برآمدی منزل سمجھتے ہیں کیونکہ جغرافیائی قربت نقل و حمل اور فریٹ کے اخراجات کو کم کرتی ہے اور تجارتی لین دین کو آسان بناتی ہے۔
دونوں ممالک نے حالیہ برسوں میں اربوں ڈالر کے معاہدے کیے ہیں کیونکہ پاکستان خلیجی ممالک کے ساتھ زیادہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے۔
