شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر یو اے ای کی قیادت کو مبارک باد
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی قوم متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوش حالی کے لیے دعاگو ہے‘ (فائل فوٹو: وام)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر اپنے پیغام میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے اماراتی حکومت کو مبارک باد پیش کی ہے۔
انہوں ںے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوطرفہ برادرانہ تعلقات باہمی خیرسگالی کے تاریخی رشتوں میں جُڑے ہوئے ہیں، جو دونوں ممالک کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار اور غیر متزلزل باہمی اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔‘
’یہ بنیادیں شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی قیادت میں رکھی گئیں، اور اُس وقت سے اب تک صدرِ امارات شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور وزیراعظمِ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں مستحکم طور پر جاری ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آئندہ بھی دونوں ممالک خطے اور دنیا میں امن و استحکام، ترقی اور خوش حالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پُرعزم رہیں گے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقتصادی، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں ہمارا تعاون دونوں ممالک کے عوام کی خُوش حالی کی راہیں ہموار کرتا رہے گا۔
’پاکستان متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ اپنے مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اس سلسلے میں امارات میں مقیم پاکستانی بھی دونوں ممالک کی دوستی کو مضبوط بنانے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم دعا گو ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات آئندہ بھی مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جائیں۔ اس خصوصی موقعے پر پوری پاکستانی قوم متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوش حالی کے لیے دعاگو ہے۔‘
