Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شور کی آلودگی سے پاک‘ تبوک کے دلکش صحرائی نظارے اور تا حد نگاہ تک پھیلے پہاڑ

تبوک اپنی صحرائی نظارگی کے لیے مشہور ہے جہاں کا حدِ نگاہ تک پھیلا منظرنامہ، آنکھوں میں ٹھہر سا جاتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق تبوک کی ریت اور پہاڑ وہاں تک دکھائی دیتے ہیں جہاں تک نظر کی رسائی ہے۔
ان بلند مقامات پر آنے والے شوقین افراد جب واپس جا رہے ہوتے ہیں تو ان کے ذہنوں میں ماحول کی شفافیت، نظاروں کی وسعت اور شور و غُل کی آلودگی سے پاک طمانیت اور آرام کا ایک احساس ہوتا ہے۔
موسمِ سرما کے دوران یہ حسین مقامات لوگوں کے لیے حسین تر ہو جاتے ہیں اور فطرتی مناظر کے اُن شیدائیوں کو اپنی جانب مائل کرتے ہیں جنھیں موسم کی بروُدت اور آسمان کی شفافیت کچھ زیادہ ہی بھاتی ہے۔
جیسے جیسے نظارگی کے شوقین افراد کا دل ایک سے دوسرے مقام کی جانب کھنچتا ہے، ویسے ویسے منظر بھی اپنے رنگوں کو بدلتے رہتے ہیں۔

روشنی بھی اپنی کرنوں کے رنگ برنگے جادو سے اپنی دلکشی کی داد پا رہی ہوتی ہے۔ تبوک کا صحرا بھی دن بھر اسی طرح کے رنگا رنگ مناظر اپنے پہلو میں سجائے رکھتا ہے۔
لیکن یہ تجربہ صرف چند خوبصورت مقامات تک محدود نہیں ہے۔ منظر پسندوں کو یہاں تک لے کے آنے والی سڑکیں صحرا کے حسن کے مختلف پہلوؤں سے سفر کی مسافت کے دوران آنکھ مچولی کھیلتی رہتی ہیں۔

ان پُرکشش پہلوں میں ایک ریت بھی ہے جو کہیں کہیں اونچی ہوتی ہوتی ٹیلوں کے گلے لگ جاتی ہے۔
ان راستوں کے مسافروں کی نگاہ کبھی پودوں پر پڑ جاتی تو کبھی ان کی آنکھیں پرندوں سے دو چار ہوتیں ہیں۔
اکثر انھیں جانوروں کے پاؤں سے بنے وہ قدرتی پوائنٹ نظر آتے ہیں جو تبوک کے صحرائی منظرنامے کا وسیع تر نظارہ پیش کر رہے ہوتے ہیں۔

 

شیئر: