سعودی پروفیسر ڈاکٹر احمد سالم باھمام ’عرب فزیشن آف دی ایئر‘ قرار
اتوار 28 دسمبر 2025 18:26
’سائنسی تحقیق اور انوویشن‘ کے شعبے میں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی کنگ سعود یونیورسٹی میں کالج آف میڈیسن کے پروفیسر ڈاکٹر احمد سالم باھمام کو 2025 کا ’عرب فزیشن آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ڈاکٹر احمد باھمام کو کونسل آف عرب ہیلتھ منسٹرز کی جانب سے ’سائنسی تحقیق اور انوویشن‘ کے شعبے میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔
مملکت کی جامعات اور تحقیقی مراکز نے ریسرچ اور انوویشن میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس سے ایک علاقائی اورعالمی تحقیقی مرکز کے طور پر سعودی عرب کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔
مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں سائنسی شعبے کی حوصلہ افزائی اور اس حوالے سے انسانی سرمائے میں اضافہ کرنا شامل ہے۔
جنیوا انٹرنیشنل ایگزیبیشن آف انوویشن 2025 میں مملکت نے 19 میڈل اور ایوارڈز حاصل کیے جبکہ سعودی صحت مراکز نے بین الاقوامی کسٹمر ایکسپیرینس ایوارڈ بھی حاصل کیے جو فراہم کی جانے والی خدمات کے اعلی معیار کے عکاس ہیں۔
واضح رہے ڈاکٹر احمد سالم باھمام نے رواں برس ’پلمونری اینڈ سیلپ میڈیسن‘ کے شعبے میں نئی سائنسی تحقیق میں کامیابی حاصل کی تھی۔

سکالر جی پی ایس کے مطابق گزشتہ 5 برسوں میں اس شعبے کے معروف سائنسدانوں میں عالمی سطح پر ان کا شمار چھٹے نمبر پر کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر احمد باھمام نے مملکت میں سال 2002 میں پہلا پلمونری اینڈ سیلپ میڈیسن میں تعلیمی تحقیقی مرکزقائم کیا۔
انٹرنیشنل سائنسی ریسرچ میگزین میں ان کے 400 سے زیادہ ریسرچ آرٹیکلز شائع ہو چکے ہیں وہ اس وقت ایشین سوسائٹی آف سلیپ میڈیسن کے صدر کے عہدے پر فائز اور متعدد بین الاقوامی جرائد کے ادارتی بورڈ کے رکن ہیں۔
