معاہدے کے مطابق رہائش فراہم نہ کرنے پر عمرہ کمپنی اور غیرملکی ایجنٹ کی سروسز معطل
اتوار 28 دسمبر 2025 19:12
وزارت کا کہنا ہے عمرہ زائرین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے (فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کو مقررہ رہائشی سہولتوں کی پابندی نہ کرنے پر مقامی عمرہ کمپنی اور اس کے بیرون ملک ایجنٹ کی سروسز معطل کر دی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے بیان میں کہا کہ ’بیرون ملک سے آنے والے بعض عمرہ زائرین کو مقررہ معاہدے کے مطابق رہائش فراہم نہ کیے جانے کی شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی گئی۔‘
وزارت نے واضح کیا کہ ’عمرہ زائرین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کمپنی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی خلاف ورزی نہ دہرائی جائے۔‘
عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے وزارت کی جانب سے تمام کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہئ کہ وہ مقررہ ضوابط کی سختی سے پابندی کریں۔ عمرہ زائرین کو معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے وزارت حج و عمرہ نے سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ عمرہ زائرین کے حوالے سے مقررہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
وزارت کی ٹیمیں عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی رہائش اور ٹرانسپورٹ کی سہولت کے بارے میں تفتیش کرتی ہیں جس کا مقصد خلاف ورزیوں کا تدارک کرنا اور ضوابط پر عمل نہ کرنے والوں سے نمٹنا ہے۔
