سعودی سٹاک مارکیٹ کی اصلاحات اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لائیں گی: ایرک ٹرمپ
ایرک ٹرمپ نے درعیہ منصوبے کو سراہا۔ (فوٹو: ایم او سی سعودی ایکس)
ایرک ٹرمپ نے سعودی عرب کے سٹاک مارکیٹ کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کھولنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں اربوں ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری مملکت میں آئے گی۔
الاشرق الاوسط سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹیو نائب صدر اور بزنس مین ایرک ٹرمپ نے ریاض میں جاری حالیہ ترقیاتی منصوبوں کی بھی تعریف کی، انہوں نے خصوصی طور پر الدرعیہ میں ہونے والی ترقی کو سراہا۔
سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ یکم فروری 2026 سے عالمی سطح پر تمام غیرملکی سعودی سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔
اس فیصلے کے تحت وہ پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں جن کے باعث صرف بڑے سرمایہ کار ہی سرمایہ کاری کر سکتے تھے، جیسے کم از کم 500 ملین ڈالر کے اثاثوں کی شرط، اور سویپ معاہدے بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔
فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے ایرک ٹرمپ نے کہا کہ ’سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت دینے سے متعلق نئی قانون سازی کے نتیجے میں، میرے خیال میں اربوں ڈالر مارکیٹ میں آنے کے امکانات پیدا ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ظاہر ہے کہ سٹاک مارکیٹس کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے کھولنے سے مارکیٹ میں اربوں ڈالر آئیں گے۔ میرا خیال ہے کہ اس سے تجارت، سیاحت اور بہت سے دوسرے شعبوں کو بھی فائدہ ہوگا۔‘
ایرک ٹرمپ کے مطابق سعودی عرب میں سرمایہ کاری کا ماحول وقت کے ساتھ بہتر ہوتا جا رہا ہے اور دنیا بھر کے بڑے برانڈز مملکت کی مارکیٹ میں داخل ہو رہے ہیں تاکہ اس کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وژن 2030 کے تحت معاشی تنوع کے پروگرام کے ذریعے سعودی عرب کا ہدف ہے کہ ہر سال 100 ارب ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی جائے۔
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی جانب سے دسمبر میں جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق 2025 کی تیسری سہ ماہی میں غیر ملکی سرمایہ کاری 24 اعشاریہ 9 ارب سعودی ریال تک پہنچ گئی جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 34 اعشاریہ پانچ فیصد زیادہ ہے۔
ایرک ٹرمپ نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب سعودی ریئل اسٹیٹ ڈیویلپر دار گلوبل ریاض اور جدہ میں دو ٹرمپ لگژری برانڈ منصوبے شروع کرے گا جن کی کل مالیت 10 ارب ڈالر ہے۔
ان منصوبوں میں الدرعیہ میں ٹرمپ نیشنل گالف کورس اور ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل شامل ہیں۔
ایرک ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’شہر کا وژن، ریاض خصوصاً الدرعیہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، یہ حیرت انگیز ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں ایسا کچھ کبھی نہیں دیکھا۔‘