’زیادہ روشن اور بڑا‘، پاکستان میں ’وولف مون‘ کب اور کتنے بجے نظر آئے گا؟
’زیادہ روشن اور بڑا‘، پاکستان میں ’وولف مون‘ کب اور کتنے بجے نظر آئے گا؟
جمعہ 2 جنوری 2026 18:27
رواں برس کا پہلا سپرمون نمودار ہونے والا ہے۔
برطانوی اخبار انڈپینڈنٹ کے مطابق جنوری کا پورا چاند چار تاریخ کو طلوع ہو گا اور آسمان پر معمول سے کہیں زیادہ بڑا دکھائی دے گا۔ یہ سپرمونز کے سلسلے کا آخری چاند ہو گا، جس کا آغاز اکتوبر میں ہوا تھا۔
سپرمون اس وقت بنتا ہے جب چاند اور زمین معمول سے زیادہ قریب آجاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں چاند عام دنوں کے مقابلے میں قریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظر آتا ہے۔
جنوری کے چاند کا عروج سنیچر کی صبح تقریباً 10 بجے ہو گا، تاہم اس سے ایک رات پہلے بھی یہ پورا چاند آسمان پر ایک بڑے اور روشن گولے کی صورت میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔
جنوری کے چاند کو بعض اوقات وولف مون، کولڈ مون یا ہارڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔ ان ناموں کو روایتی سمجھا جاتا ہے، اگرچہ ان میں سے کئی نام حالیہ برسوں میں زیادہ مقبول ہوئے ہیں۔
دیگر فلکیاتی مظاہر کے برعکس سپر مون دیکھنے کے لیے کسی خاص آلات یا تیاری کی ضرورت نہیں ہوتی۔ درحقیقت بعض اوقات کسی مصروف مقام سے دیکھنا بہتر ثابت ہوتا ہے، کیونکہ افق پر موجود عمارتیں یا اشیا چاند کے حجم اور اس کے اثر کو مزید نمایاں کر دیتی ہیں۔
جنوری کا چاند سال کے کسی بھی دوسرے چاند کے مقابلے میں آسمان پر زیادہ بلندی پر نظر آئے گا۔ اس وجہ سے اسے زیادہ دیر تک اور آسانی سے دیکھا جا سکے گا، تاہم بلندی پر ہونے کے باعث یہ زمینی اشیا کے مقابلے میں کچھ کم ڈرامائی بھی محسوس ہو سکتا ہے۔
جنوری کے چاند کو بعض اوقات وولف مون، کولڈ مون یا ہارڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
’کواڈرینٹڈ شہابی بارش بھی عروج پر ہو گی‘
دوسری جانب پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ سال 2026 کا پہلا سپر مون کل سنیچر کو نظر آئے گا۔
ترجمان سپارکو نے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ سپر مون روایتی طور پر وولف مون کہلاتا ہے۔ اور اکتوبر 2025 سے جاری سپر مون سلسلے کا آخری سپر مون ہو گا۔
بیان کے مطابق کواڈرینٹڈ شہابی بارش بھی عروج پر ہو گی۔ پاکستان میں سپر مون شام 5:51 بجے طلوع ہو گا۔ اور چاند کی روشنی 99.8 فیصد تک ہو گی۔