سنہ 2025 کے سب سے بڑے سُپرمون کا نظارہ آج، کیا پاکستان میں بھی نظر آئے گا؟
اس سے قبل پہلا سپرمون اکتوبر میں تھا جبکہ تیسرا دسمبر میں ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 2025 کا سب سے بڑا اور زیادہ روشن سپرمون دیکھا جا سکے گا۔
پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے ’سپارکو‘ کے مطابق یہ ایک نایاب موقع ہے جب چاند زمین کے سب سے قریب آتا ہے اور معمول سے زیادہ بڑا اور چمکدار دکھائی دیتا ہے۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ یہ ’بیور سپرمون‘ شام چھ بج کر 18 منٹ پر اپنی پوری شدت پر ہوگا۔ اس وقت چاند زمین سے صرف تین لاکھ 56 ہزار 980 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوگا جس کے باعث یہ عام مکمل چاند سے تقریباً آٹھ گنا بڑا اور 16 گنا زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ سال کے تین سپرمونز میں سے دوسرا ہے۔ اس سے قبل پہلا سپرمون اکتوبر میں تھا جبکہ تیسرا دسمبر میں ہوگا۔
سپارکو نے وضاحت کی ہے کہ سپرمون اس وقت بنتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے سب سے قریب والے حصے میں آکر مکمل گول ہوتا ہے، جس سے وہ آسمان پر غیرمعمولی طور پر بڑا اور چمکدار لگتا ہے۔
عام طور پر سال میں تین سے چار بار سپرمون دیکھا جاتا ہے لیکن اس بار زمین اور چاند کی قربت خاصی کم ہے جس کی وجہ سے منظر مزید شاندار ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے بیشتر حصوں میں موسم صاف رہنے کا امکان ہے اس لیے شہریوں کو چاند کا یہ خوب صورت منظر کھلی آنکھوں سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
