Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں زائرین کی بڑی تعداد، مثالی خدمات کی فراہمی

سہولتوں کی یقینی بنانے کے لیے مختلف ادارے کام کر رہے ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں ان دنوں دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد موجود ہے،انتظامیہ کی جانب سے انہیں مثالی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام میں زائرین کو فراہم کی جانے والی مختلف نوعیت کی خدمات کا مقصد انہیں ہر طرح کا آرام پہنچانا ہے تاکہ وہ سکون و اطمینان سے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت الہی میں گزار سکیں۔
 ادارہ امور حرمین کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کی یقینی بنانے کے لیے مختلف ادارے کام کر رہے ہیں۔
اس میں اہم کام ازدحام کو کنٹرول کرنا ہے تاکہ عمرہ زائرین اطمینان سے طواف بیت اللہ کےلیے جاسکیں۔
اس کے علاوہ مطاف کے مختلف مقامات پر زائرین کی رہنمائی کے لیے بھی اہلکار موجود ہوتے ہیں جبکہ مسجد الحرام کے داخلی اور خارجی راستوں پر آمد و رفت کے عمل کو منظم رکھنا بھی اہم  ہے جس کےلیے اہلکاروں کی ٹیمیں ہمہ وقت مستعد ہوتی ہیں۔

دیگر خدمات کے ساتھ ساتھ دینی امور کی رہنمائی کےلیے متعدد زبانوں کے ماہرینِ امور دین پر مشتمل ادارے کی ٹیمیں مسجد الحرام کے صحنوں اور مختلف مقامات پر متعین ہوتی ہیں جو زائرین کو شرعی مسائل اور احکامات سے آگاہ کرتی ہیں۔
مسجد الحرام میں ترجمہ کا شعبہ ’منارہ الحرمین‘ اور ’بوابہ القاصد‘ بھی بخوبی خدمات انجام دے رہا ہے جہاں سے حرمین شریفین کا پیغام دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ارسال ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں خواتین زائرین کی رہنمائی اور مدد کےلیے بھی بڑی تعداد میں خواتین اہلکار موجود ہیں۔

 

شیئر: