غزہ کے متاثرین کےلیے امداد کی فراہمی تیز کی جائے، سعودی قیادت کی ہدایت
اب تک 7 ہزار 699 ٹن سے زیادہ امداد فراہم کی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قیادت نے سعودی عوامی مہم کے ذریعے غزہ میں انسانی صورتحال سے نمنٹے اور مصائب کے خاتمے کےلیے فضائی، بحری اور زمینی پلوں کے ذریعے امداد کی فراہمی کی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا’ یہ فراخدلانہ ہدایت سعودی عوامی مہم کے ذریعے غزہ کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مملکت کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کا تسلسل ہے۔‘
یہ اقدام مختلف بحرانوں اور مصائب کے دوران فلسطینی عوام کی سپورٹ میں مملکت کے دیرینہ تاریخی کردار کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ فلسطین ہمیشہ سعودی قیادت اور عوام کے دلوں میں رہے گا۔
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ نے فلسطینی عوام کی سپورٹ کےلیے انسانی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت پرسعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے 2023 میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے سعودی عرب نے امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فضائی اور بحری امدادی پل قائم کیے۔ اب تک 77 طیاروں اور 8 بحری جہازوں کے ذریعے7 ہزار 699 ٹن سے زیادہ امداد فراہم کی گئی۔
اس میں خوراک، طبی سامان، آلات اور شیلٹر شامل ہیں۔ 912 امدادی ٹرک خوراک اور طبی امداد لے کرغزہ پہنچے۔ اس کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو 20 ایمبولینسں فراہم کیں۔
سعودی امدادی ایجنسی نے غزہ کی پٹی میں امدادی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ 90.35 ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے۔
جبکہ سرحدی راہداریوں کی بندش کے باعث امداد کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کےلیے اردن کے تعاون سے ایئر ڈراپ امددی آپریشن بھی کیے۔
