کنگ سلمان مرکز کا پاکستان کے سرد علاقوں میں ونٹر کِٹس کی فراہمی کا آغاز
کنگ سلمان مرکز کا پاکستان کے سرد علاقوں میں ونٹر کِٹس کی فراہمی کا آغاز
پیر 5 جنوری 2026 15:05
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے پاکستان میں شدید سرد موسم سے متاثرہ کمزور اور ضرورت مند آبادی کی مدد کے لیے ونٹر کِٹس کی فراہمی کے ایک بڑے انسانی ہمدردی کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔
سالانہ فلاحی کاوشوں کے تحت ملک بھر کے سرد ترین علاقوں میں 22 ہزار ونٹر کِٹس تقسیم کی جائیں گی، جن سے ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کے مستفید ہونے کی توقع ہے۔
اس منصوبے کے آغاز کے سلسلے میں اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سعودی سفیر نواف سعید الماکی سمیت متعلقہ اداروں کے حکام، سفارتی نمائندے بھی موجود تھے۔
کے ایس ریلیف کے مطابق ونٹر کِٹس کی یہ تقسیم پاکستان کے ان 26 اضلاع میں کی جائے گی جو شدید سردی اور برف باری سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ ان علاقوں میں خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر کے علاوہ پنجاب اور سندھ کے وہ منتخب اضلاع شامل ہیں جہاں موسمِ سرما کے دوران درجہ حرارت غیرمعمولی حد تک کم ہو جاتا ہے اور غریب و کمزور آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ہر ونٹر کٹ میں دو عدد گرم رضائیاں، مردوں اور خواتین کے لیے گرم شالیں، جبکہ بچوں اور بڑوں کے لیے موسمِ سرما کے موزوں گرم ملبوسات شامل ہیں، تاکہ سرد موسم کے باعث لاحق صحت کے خطرات کو کم کیا جا سکے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم ہو۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ، تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم، گہرے اور قریبی ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کی مثالیں دیتی ہے اور یہ دیکھ رہی ہے کہ دونوں برادر ممالک کس طرح مختلف شعبوں میں باہمی تعاون، مشاورت اور مسلسل رابطے کے ذریعے آگے بڑھ رہے ہیں۔
سردار محمد یوسف نے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی کارکردگی کو بھی سراہا (فوٹو: سعودی سفارتخانہ)
وفاقی وزیر نے ہر مشکل وقت میں سعودی مملکت کی جانب سے پاکستان اور اس کے عوام کے لیے کی جانے والی بھرپور معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات ہوں یا انسانی بحران، سعودی عرب ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا نظر آتا ہے۔
سردار محمد یوسف نے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ضرورت مند افراد اور متاثرہ آبادی کی بروقت مدد کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ امدادی سامان پاکستان کے دور دراز اور شدید سرد علاقوں تک پہنچے گا تو وہاں کے لوگ نہ صرف موسم کی سختی سے محفوظ ہو سکیں گے بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کی گرمائش کو بھی عملی طور پر محسوس کریں گے۔
یہ منصوبہ پاکستان میں انسانی ہمدردی کے شعبے میں کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے (فوٹو: سعودی سفارتخانہ)
منصوبے کی شفافیت اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر اس اقدام کو پاکستان کے اہم قومی اور صوبائی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے انجام دے رہا ہے۔ ان شراکت داروں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، مقامی انتظامیہ اور حیات فاؤنڈیشن شامل ہیں۔
حکام کے مطابق یہ مشترکہ کاوشیں نہ صرف سرد موسم سے متاثرہ خاندانوں کو فوری سہارا فراہم کریں گی بلکہ مشکل حالات میں ان کے حوصلے کو بھی تقویت دیں گی۔ یہ منصوبہ پاکستان میں انسانی ہمدردی کے شعبے میں کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مسلسل عزم اور ضرورت مند طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے اس کے دیرینہ کردار کی عکاسی کرتا ہے۔