Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد نے کنگ سلمان ایئر بیس پر نئے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کر دیا

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دارالحکومت ریاض میں شاہ سلمان سینٹرل ایئربیس پر نئے ترقیاتی و توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا جو سعودی فضائیہ کی جنگی تیاریوں کو بڑھانے کےلیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ایئربیس آمد پر وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے استقبال کیا۔
ان کے ہمراہ نائب وزیر دفاع شہزادہ عبدالرحمن بن محمد بن عیاف، چیف آف دی جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی، معاون وزیر دفاع برائے آپریشنل امور ڈاکٹر خالد البیاری اور شاہی فضائیہ کے کمانڈر شہزادہ ترکی بن بندر بن عبدالعزیز و دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔
مہمان خصوصی کی آمد پر شاہی بینڈ کے دستے نے انہیں سلامی دی بعدازاں ولی عہد کو ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرایا گیا جن میں ادارتی دفاتر، آپریشنل مقامات اور عسکری انفراسٹرکچر شامل تھے۔

دورے کے دوران ولی عہد کو ایئربیس کی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جن میں تعمیری مراحل، انجینئرنگ، تکنیکی، انتظامی اور رہائشی سیکٹرز شامل تھے۔
ایئربیس کے توسیعی منصوبے کا مقصد کمانڈ اینڈ کنٹرول سپلائی اور مشترکہ آپریشنز کی مدد بالخصوص فضائیہ اور عمومی طورپر مسلح افواج کی جنگی تیاریوں میں اضافہ کرنا ہے۔

 افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت آیت قرآنی سے کیا گیا بعدازاں رائل ایئرفورس کے کمانڈر نے ولی عہد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ توسیعی منصوبے وزارت دفاع کی حکمت عملی کے مطابق مرتبہ ترقیاتی پروگرام کے تحت انجام دیے گئے ہیں جن کا مقصد جدید جنگی نظام میں اضافہ اور فضائی ٹیکنالوجی و اعلی تربیت یافتہ و پیشہ ورانہ قومی صلاحیتوں میں اضافہ ہے۔
مہمان خصوصی کو منصوبے کے ترقیاتی مراحل پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس کا آغاز سال 2021 میں کیا گیا تھا۔ منصوبہ 38 ماہ میں مکمل ہوا جو سلمانی طرز تعمیر کا حسین شاہکار ہے۔
توسیعی منصوبے کے تحت ایک لاکھ 26 ہزار مربع میٹر پر محیط 115 عمارتیں تعمیر کی گئی جس میں جہازوں کے ہینگرز اورہیلی پیڈ ، ایئرکرافٹ پارکنگ لاٹس، واچ ٹاورز کے علاوہ دفاتر، رہائشی مکانات اور سکیورٹی مقامات شامل ہیں۔
ولی عہد کو دورے کے موقع پریادگاری تحائف پیش کرنے کے بعد گروپ فوٹو بنائے گئے۔

 

شیئر: