Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت بھر میں عید پروگرام جاری

 ریاض/جدہ..... سعودی عرب کے تمام علاقوں میں عموماً مکہ مکرمہ، جدہ ،نجران، الاحساء اور ریاض میں خصوصاً عید کے تیسرے دن بھی شاندار اور منفرد پروگرام منعقد کئے گئے۔ مملکت کے تمام 13 صوبوں کے گورنروں، انکے نائبین، کمشنروں ، انکے نائبین، تحصیلداروں اور انکے نائبین، فلاحی انجمنوں کے سربراہوں ، عہدیداروں ، رضاکاروں ، معاشرے کی ممتاز علمی ، فکری اور ابلاغی شخصیتوں نے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں سے ملاقاتیں کرکے انکی عیادت کی اور عید کی مبارکباد پیش کی۔ انہیں گلدستے بھی دیئے گئے۔ بیماروں کے اعزہ کو عید کی مناسبت سے ملاقات کا کھلا موقع دیاگیا۔ عام دنوں میں ملاقات پر عائد پابندیاں اٹھالی گئیں۔عید کے موقع پر ذہنی امراض کے اسپتالوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ ذہنی صحت کی حفاظت کرنے والی فلاحی انجمنوں نے ذہنی مریضوں کیلئے اجتماعی، انفرادی، ثقافتی ، معلوماتی پروگرام کئے عوامی کھیلوں کا بندوبست کیا۔ اسمارٹ گیمز کا بھی اہتمام کیا۔ ذہنی امراض کے ماہرین کو اسپتالوں میں بلایا گیا۔ مریضوں کو تحائف اور انعامات سے نوازاگیا۔ سعودی عرب کے تماام علاقوں کی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں گزارنے والے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بھی عید پر فراموش نہیں کیا گیا بلکہ انہیں خوشیاں دینے کیلئے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے گئے۔ عید ملن کے پروگراموں میں قیدیوں کو شامل کیا گیا۔ ایسے قیدی جنہیں عید کے ایام میں رخصت پر بھیجنے میں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں تھا انہیں اپنے ا عزہ کے ساتھ عید منانے کیلئے اجازت دی گئی۔مقدس شہر مکہ مکرمہ میں عید ملن کے دسیوں پروگرام کئے گئے۔شہر کے تمام محلوں میں خواتین ، بچوں اور اہل خانہ کو پروگراموں میں مدعو کیا گیا۔ ہلکے پھلکے تھیٹر ، انعامی مقابلے ، عوامی کھیل اور عوامی طائفوں کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع دیا گیا۔الزائدی کار پارکنگ، الشرائع کار پارکنگ، بطحاءقریش کے میدان میں خاص پروگرام کئے گئے۔جدہ کورنیش مقامی شہریوں اور تارکین وطن سے تیسرے روز بھی آباد رہا۔ رات بھر لوگوں نے کورنیش پر عید کی خوشیاں منائیں۔ کھانے پینے کا سامان کورنیش پر لیجایا گیاتھا۔ سب نے مل جل کر کھایا پیا۔ خوش گپیاں کیں۔ نجران ریجن میں عید الفطر کے موقع پر تاریخی مقامات پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ نجران ریجن ، قصر العمارة ، ابار حمی، تاریخی قریوں ، تفریحی مراکز، قرآن میں مذکور الاخدود کی تاریخی خندقوں کے لئے مشہور ہے۔ امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے اہلکاروں نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں میں عید تحائف تقسیم کئے۔ سعودی ریڈیو ٹی وی پروگراموں میں سرحدوں کے محافظ فوجی جوانوں کو عید مبارکباد میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ گورنر نجران جلوی بن عبدالعزیز نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی جانب سے عید مبارکباد کے پیغام سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے نیشنل گارڈز کے جوانوں تک پہنچائے،ملاقاتیں کیں، انکے ساتھ عید منائی۔ الاحساءمیونسپلٹی نے کنگ عبداللہ ماحولیاتی پارک میں عید ملن پروگرام کیا جہاں 3ہزار سے زیادہ شائقین عید ملن کیلئے پہنچے ہوئے تھے۔ موسم معتدل ہونے کے باعث شائقین نے تفریحی پرروگراموں سے بھرپور لطف لیا۔

شیئر: