Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے دھماکہ، چار افراد ہلاک

فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں ایک فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے ہولناک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہلاک ہو گئے۔
جمعے کی صبح فیصل آباد کے ملک پور شہاب ٹاؤن میں کبڈی سٹیڈیم گراؤنڈ کے قریب ایک فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملبے سے اب تک چار افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ دیگر دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ریسکیو حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق 20 سے زائد ایمبولینسز اور فائر وہیکلز امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران کو امدادی کارروائیوں میں مکمل معاونت کی ہدایت جاری کر دی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ریسکیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون یقینی بنائیں جبکہ ٹریفک پولیس ایمبولینسز اور امدادی ٹیموں کی متاثرہ مقام تک رسائی میں رکاوٹ نہ آنے دے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پولیس کی خصوصی ٹیمیں بھی ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں ریسکیو اہلکاروں کی مدد کر رہی ہیں۔

 

شیئر: