پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی تعاون اور منشیات سمگلنگ روکنے کے معاہدوں پر دستخط
جمعرات 19 نومبر 2026 18:16
پاکستان اور قطر کے وزرا داخلہ نے جمعرات کو اسلام آباد میں سکیورٹی تعاون اور منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لیے دو معاہدوں پر دستخط کر دیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو اسلام آباد میں قطر کے وزیر داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سکیورٹی فورس خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی اور ان کے وفد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایکشن پلان پر دستخط کیے گئے۔
حکومتِ پاکستان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف دونوں معاہدوں پر دستخط کی تقریب کے موقعے پر موجود تھے۔
قطر کی جانب سے خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی جبکہ پاکستان کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے دستاویزات پر دستخط کیے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے قطری وزیر داخلہ کا پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کیا اور دونوں ملکوں کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے قطر کے امیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے قطری قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی مسلسل فراہمی کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ قریباً تین لاکھ پاکستانی قطر میں کام کر رہے ہیں اور وہاں کی ترقی و خوش حالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیوسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
قطر کے وزیر داخلہ نے اس موقعے پر پاکستان آمد پر مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم کو امیر قطر کی جانب سے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو بھی سراہا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، توانائی کے امور پر وزیراعظم کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس سے قبل قطر کے وزیر داخلہ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی جمعرات کو پاکستان کے دورے پر پہنچے جہاں ہوائی اڈے پر ان کا استقبال پاکستانی ہم منصب محسن نقوی نے کیا۔
ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں غیر یقینی صورتِ حال برقرار ہے اور پاکستان خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی سفارتی روابط، سرمایہ کاری اور سکیورٹی تعاون کے ذریعے اپنی شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازعے کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان سفارتی رابطے برقرار رہے ہیں۔ دونوں ممالک نے کشیدگی میں کمی لانے اور مذاکرات کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کی ہے۔
پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور سکیورٹی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک رواں سال علاقائی استحکام اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کے لیے کئی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں۔
دونوں ممالک امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں بھی شریک رہے ہیں۔
دورہ کرنے والے قطری وزیر داخلہ قطر کی داخلی سکیورٹی فورس کے کمانڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ فورس خلیجی ریاست میں مختلف نوعیت کے داخلی سلامتی کے امور کی ذمہ دار ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے وزرا داخلہ کے درمیان سکیورٹی تعاون اور علاقائی صورتِ حال پر ہونے والی متعدد ملاقاتوں کے بعد ہو رہا ہے۔
قطر کی وزارت داخلہ کے مطابق جولائی میں محسن نقوی نے دوحہ میں اپنے قطری ہم منصب سے ملاقات کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سکیورٹی تعاون کا جائزہ لیا اور اس میں مزید وسعت لانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں عہدیداروں کی اکتوبر میں دوحہ میں ایک سکیورٹی فورم کے موقع پر بھی ملاقات ہوئی تھی، جس میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے تناظر میں علاقائی امن اور استحکام کے امور زیر بحث آئے۔
دونوں ممالک کے تعلقات تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں تک بھی پھیلے ہوئے ہیں۔ قطر طویل المدتی معاہدوں کے تحت پاکستان کو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے، جبکہ پاکستانی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد قطر میں مقیم اور برسرِ روزگار ہے۔